فوجی سامان کا کاروبار کرنے والے شہری نے امریکا کو چونا لگا دیا

شہری خراب معیار کی چینی مصنوعات کو امریکی مصنوعات کہہ کر بیچتا تھا


ویب ڈیسک March 25, 2024
[فائل-فوٹو]

ایک امریکی شہری کو چین کے تیار کردہ خراب معیاری آلات امریکی سیکورٹی اداروں اور فوج کو فروخت کرنے کے جرم میں ایک سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔

امریکی اٹارنی کے دفتر سے جاری ہونے والی خبر کے مطابق، واشنگٹن سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ جیفری میننگ کا بُلیٹ پروف-آئی ٹی کے نام سے بیلسٹک آلات کا کاروبار تھا۔ انہوں نے ریاستی، مقامی اور وفاقی سیکورٹی ایجنسیوں کو ہیلمٹ، باڈی آرمر اور شیلڈز سمیت متعدد فوجی سازوسامان فروخت کیے۔ ایجنسیوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے، فائر ڈیپارٹمنٹ اور فوج شامل ہے۔

جیفری میننگ نے خریداروں کو بتایا تھا کہ سامان امریکا کے ہیں جب کہ درحقیقت وہ چین سے درآمد کیے گئے تھے۔ مثال کے طور پر جیفری نے 2017 میں ایک چینی کمپنی سے 600 سیکورٹی ہیلمٹ 50,000 ڈالر میں خریدے اور انہیں 90,000 ڈالر میں دوسرے کلائینٹ کو بیچا جس نے امریکی محکمہ خارجہ کو 107,994 ڈالرز میں فروخت کردیا۔

نیوز ریلیز میں کہا گیا کہ جیفری فوجی ساز و سامان امریکی کہہ کر بیچتا تھا جبکہ وہ چین سے درآمد کیے گئے اور ان کی کوالٹی بھی غیرمعیاری تھی۔ مزید برآں شہری نے آلات کی حفاظتی جانچ کے بارے میں بھی جھوٹ بولا۔ جیفری نے دعویٰ کیا کہ ان کی مصنوعات حفاظتی معیارات پر پورا اترتی ہیں۔ تاہم شہری نے مطلوبہ معیار کے مطابق جانچ نہیں کی تھی۔ انہوں نے سودا پورا کرنے کیلئے آلات کی ٹیسٹنگ رپورٹس کو بھی تبدیل کیا۔

امریکا کی ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشن کے خصوصی ایجنٹ رابرٹ ہیمر نے بتایا کہ دھوکہ دہی کے سائے میں جیفری میننگ نے فراڈ کا منصوبہ بنایا۔ انہوں نے نہ صرف سیکورٹی اداروں کو بلکہ قوم کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچائی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں