روٹی زائد قیمت بیچنے پر 7 نانبائی گرفتار 68 پر جرمانے 4 تنور سیل

68 نان بائیوں پر ایک لاکھ 70 ہزار روپے کے مجموعی جرمانے عائد کیے گئے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی


ویب ڈیسک April 16, 2024
(فوٹو: فائل)

پنجاب میں روٹی کی قیمت 16 روپے مقرر ہونے کے باوجود زائد قیمت وصولی پر راولپنڈی میں سات نان بائیوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا، 68 نائی بائیوں پر جرمانے عائد کیے گئے اور چار تنور سربمہر(سیل) کردیے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے 100 گرام وزن روٹی کی قیمت 16 روپے جبکہ 120 گرام نان کی قیمت 20 مقرر کی گئی ہے۔ راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں اضلاع کی انتظامیہ قیمتوں پر عملدرآمد کے لیے متحرک ہیں تو دوسری جانب نانبائی اسیویسی ایشنز نے پیٹرول ، سوئی گیس اور بجلی کی ہوش ربا قیمتوں میں کمی کے بجائے صرف روٹی کی قیمت میں کمی کو قبول نہ کرتے ہوئے روٹی نان سابق قیمتوں پر ہی فروخت کرنے کا عندیہ دے رکھا ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کا کا کہناتھا کہ ضلع بھر میں حکومت پنجاب کی جانب سے نان اور روٹی کی مقرر کردہ قیمتوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے پرائس مجسٹریٹس متحرک ہیں، چوبیس گھنٹوں کے دوران 100 سے زائد تنور کی چیکنگ کی گئی، 68 نانبائی حکومت پنجاب کی جانب سے روٹی اور نان کی مقرر کردہ قیمتوں سے زائد پیسے وصول کرنے کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جن پر 1 لاکھ 70 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

انہوں ںے بتایا کہ 7 نانبائیوں کی گرفتاری عمل میں بھی لائی گئی اور 4 نانبائیوں کی شاپس کو سربمہر کردیا گیا، حکومت پنجاب کی طرف سے روٹی اور نان کی مقرر کردہ قیمتوں پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

دریں اثنا نئی قیمت کے تنازع پر ایک روز قبل گرفتار کیے گئے نان بائیوں کی تنظیم کے مرکزی صدر شفیق قریشی کو جیل بھیج دیا گیا۔ پولیس نے 16 ایم پی او کے تحت سرکار سے مزاحمت کا مقدمہ درج کیا، علاقہ مجسٹریٹ نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جب کہ ملزم نے ضمانت کی درخواست بھی دائر کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے