'بجرنگی بھائی جان 2' اور 'راؤڈی راٹھور 2' کا اسکرپٹ تیار

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 اپريل 2024
یہ دونوں فلمیں باکس آفس پر سُپر ہٹ رہی تھیں : فوٹو : ویب ڈیسک

یہ دونوں فلمیں باکس آفس پر سُپر ہٹ رہی تھیں : فوٹو : ویب ڈیسک

 ممبئی: بھارتی فلمساز کے کے رادھاموہن نے بالی ووڈ کی دو بلاک بسٹر فلموں ‘بجرنگی بھائی جان’ اور ‘راؤڈی راٹھور’ کے سیکوئل کی اسکرپٹ تیار کرلی ہیں۔

پروڈیوسر کے کے رادھاموہن نے حال ہی میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصنف وجیندر پرساد نے ‘راؤڈی راٹھور 2′ کی اسکرپٹ لکھ لی ہے، ہم اب فلم کے لیے اچھی کاسٹ کے تلاش میں ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ‘بجرنگی بھائی جان 2′ پر بھی کام جاری ہے، اس کا اسکرپٹ بھی تیار ہے، ہم نے سلمان خان کو اسکرپٹ دِکھانا ہے، اُس کے بعد دیکھیں گے کہ آگے کیا ہوتا ہے۔

رادھاموہن نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ ‘راؤڈی راٹھور 2′ میں اکشے کمار کام کریں گے یا ان کی جگہ کوئی اور اداکار مرکزی کردار ادا کرے گا جبکہ گزشتہ سال یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ ‘راؤڈی راٹھور 2′ میں سدھارتھ ملہوترا اور کیارا اڈوانی مرکزی کردار ادا کریں گی لیکن فلمسازوں کی جانب سے اس خبر کی کوئی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

دوسری جانب سال 2021 میں سلمان خان نے ایک ایونٹ کے دوران بجرنگی بھائی جان کے سیکوئل کی تصدیق کی تھی۔

واضح رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی پروڈکشن میں 45 کروڑ کے بجٹ سے 2012 میں ریلیز ہونے والی  فلم ’راؤڈی راٹھور‘ میں اکشے کمار کے مد مقابل سوناکشی سنہا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ فلم نے بھارت میں 133 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔

سال 2015 میں ریلیز ہونے والی سُپر ہٹ فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ کی کہانی ایک پاکستانی بچی پر مبنی تھی جو بھارت میں اپنی ماں سے بچھڑ گئی تھی اور بعد میں سلمان خان نے اسے اپنے وطن واپس پہنچایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔