پی ایس ایل9؛ بورڈ بعض اسٹیک ہولڈرز سے واجبات کا منتظر

سلیم خالق  ہفتہ 4 مئ 2024
نائلہ بھٹی کے استعفے پر ٹیم مالکان مایوس،کئی روز قبل ارادہ ظاہر کر دیا تھا (فوٹو: ایکسپریس ویب)

نائلہ بھٹی کے استعفے پر ٹیم مالکان مایوس،کئی روز قبل ارادہ ظاہر کر دیا تھا (فوٹو: ایکسپریس ویب)

کراچی: ایچ بی ایل پی ایس ایل ورکنگ گروپ کی میٹنگ ہفتے کو لاہور میں ہوگی تاہم اب تک بورڈ بعض اسٹیک ہولڈرز سے واجبات کا منتظر ہے۔

پی ایس ایل ورکنگ گروپ کی میٹنگ میں نویں ایڈیشن کے معاملات، اکائونٹس و دیگر اہم امور پر بات ہوگی، ہفتے کو لاہور میں فرنچائز مالکان و دیگر آفیشلز اکھٹا ہوں گے، پی سی بی کو فرنچائزز کو آمدنی کا 50 فیصد 5 مئی تک دینا ہے لیکن تاحال حسابات ہی فائنل نہیں ہو سکے، بعض اہم اسٹیک ہولڈرز نے ادائیگیاں ہی نہیں کی ہیں، میٹنگ میں سی او او سلمان نصیر و دیگر آفیشلز شریک ہوں گے، تیار کردہ سفارشات پر بعد میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیرصدارت گورننگ کونسل میٹنگ میں بات ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فرنچائز کی شاندار روایت کو پی سی بی نے بھی اپنالیا

دوسری جانب لیگ کمشنر نائلہ بھٹی کے استعفے پر کئی ٹیم مالکان مایوس ہیں، وہ حالیہ دنوں میں پیش آنے والے بعض واقعات سے سخت دلبرداشتہ تھیں،انھیں یہ بھی لگتا تھا کہ لیگ کے معاملات کو اہمیت نہیں دی جا رہی، نئی انتظامیہ کے آنے پر ان کی پوزیشن کافی دنوں سے خطرات میں گھری نظر آ رہی تھی۔

یاد رہے کہ نائلہ بھٹی سابق چیئرمین نجم سیٹھی کی قریبی ساتھی تصور کی جاتی تھیں،ذکا اشرف کے آنے پر بھی ان کی پوزیشن کمزور ہوئی لیکن وہ عہدے پر برقرار رہیں، البتہ اب ان کے لیے صورتحال خاصی دشوار ہو گئی تھی، انھوں نے کئی روز قبل فرنچائز مالکان کو آگاہ کر دیا تھا کہ معاملات کی سست روی سے نالاں ہیں لہٰذا استعفیٰ دینے پر غور کر رہی ہیں، بورڈ میں آئندہ چند روز کے دوران مزید تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔