"25 سال انڈسٹری کو دینے کے باوجود میری بےعزتی کی جارہی ہے"

ویب ڈیسک  پير 6 مئ 2024
کامیڈی شو میں بھارتی کامیڈین نے کرن جوہر کی نقل اُتاری : فوٹو : فائل

کامیڈی شو میں بھارتی کامیڈین نے کرن جوہر کی نقل اُتاری : فوٹو : فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کے نامور فلمساز اور میزبان کرن جوہر نے اُن کی نقل اُتارنے والے کامیڈین کیتن سنگھ کو کھری کھری سُنا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں بھارت کے کامیڈی شو ‘میڈنیس مچائیں گے-انڈیا کو ہنسائیں گے’ کا پرومو وائرل ہوا جس میں کامیڈین کیتن سنگھ نے فلمساز کرن جوہر کی نقل اُتاری تھی۔

اس کامیڈی شو میں بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی بھی موجود تھیں جو کرن جوہر کی نقل اُتارنے پر کامیڈین کیتن سنگھ کو سراہا رہی تھیں۔

یہ پرومو جیسے ہی کرن جوہر کی نظروں کے سامنے سے گزرا تو فلمساز نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں کامیڈی شو کا نام لیے بغیر نوٹ جاری کیا۔

کرن جوہر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ میں اپنی ماں کے ساتھ بیٹھا ٹیلی ویژن دیکھ رہا تھا تو اسی دوران میرے سامنے ایک قابل احترام چینل کے ریئلیٹی کامیڈی شو کا پرومو آیا جس میں ایک شخص غیر معمولی ذوق میں میری نقل کر رہا تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ میں اپنے ناقدین اور بےنام لوگوں سے اس طرح کی حرکت کی توقع رکھتا تھا لیکن جب میری اپنی ہی انڈسٹری کے لوگ میرے خلاف ایسی حرکتیں کریں گے تو مجھے ضرور دُکھ ہوگا۔

فلمساز نے مزید کہا کہ مجھے اس انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے 25 سال سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے، میری ہی انڈسٹری کے لوگ میری بےعزتی کر رہے ہیں، یہ دیکھ کر مجھے غصہ تو نہیں آتا لیکن دُکھ ضرور ہوتا ہے۔

kr1

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔