اسکولوں میں ٹیلی اسکوپس نصب کرنے کا منصوبہ

ٹیلی اسکوپ سے 27 مئی کو اسکولوں کے بچوں کو چاند کا مشاہدہ کروایا جائے گا


ویب ڈیسک May 19, 2024
ٹیلی اسکوپ سے 27 مئی کو اسکولوں کے بچوں کو چاند کا مشاہدہ کروایا جائے گا

وفاقی حکومت نے اسپیس ٹیکنالوجی کے ساتھ اسکولوں کے بچوں کو علم فلکیات سے متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق وزارت تعلیم نے اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں علم فلکیات کی ترویج پر کام شروع کردیا۔

سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین وانی نے اسلام آباد کے اسکولوں میں بڑی ٹیلی اسکوپس نصب کرنے کےلیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کردیں۔

پہلے مرحلے میں بطور آزمائش ایک اسکول میں بڑی ٹیلی اسکوپ نصب کی جائے گی جس سے 27 مئی کو بچوں کو چاند کا مشاہدہ کروایا جائے گا۔

ٹیلی اسکوپ سیشن میں سرکاری اسکولوں کے طالب علم خلاء اور سیاروں کا مشاہدہ کرسکیں گے۔ پہلے مرحلے میں 10 سے 12 اسکولوں کے طالب علموں کو بڑی ٹیلی اسکوپ سے مشاہدہ کروایا جائے گا۔ 27 مئی کی رات 9 سے 10 ساڑھے بجے کے درمیان چاند، ستاروں اور آسمان کا مشاہدہ کیا جاسکے گا۔

ٹیلی اسکوپ سیشن میں بچوں کے ساتھ اساتذہ اور بچوں کے والدین شرکت کریں گے۔ دن کے اوقات میں بچوں کو سولر چشموں سے سورج کا مشاہدہ بھی کروایا جائے گا۔

سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین وانی نے کہا کہ گرمی کی چھٹیوں کے بعد کوشش ہوگی ہر پرائمری اسکول میں ایک بڑی ٹیلی اسکوپ مہیا کی جاسکے، بچوں کو کائنات کے علوم سے روشناس کروایا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں