اہلیہ اور بچوں کیساتھ پاکستان آنا چاہتا ہوں، شاہ رخ خان کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  جمعـء 24 مئ 2024
شاہ رخ خان کے آباؤ اجداد کا تعلق پاکستان سے ہے : فوٹو : فائل

شاہ رخ خان کے آباؤ اجداد کا تعلق پاکستان سے ہے : فوٹو : فائل

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی ایک پرانی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں  ںے اپنی اہلیہ گوری خان اور تینوں بچوں کے ہمراہ پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

وائرل ویڈیو بھارتی ٹی وی پروگرام کی ہے، یہ پروگرام بھارت سے باہر شوٹ کیا گیا تھا جس میں پاکستان کی سابقہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے بھی شرکت کی تھی۔

وائرل ویڈیو میں حنا ربانی کھر کے پاکستان سے متعلق سوال پر شاہ رخ خان نے انکشاف کیا کہ وہ 15 سے 17 سال کی عُمر کے درمیان اپنے والد کے ہمراہ پاکستان آئے تھے۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ میرے والد کے خاندان کا تعلق پاکستان کے شہر پشاور سے ہے اور میں بھی اپنے والد کے ہمراہ اپنے آباؤ اجداد کا گھر دیکھ چکا ہوں۔

اداکار نے کہا کہ میں اپنے والد کے ہمراہ پشاور، سوات، لاہور اور کراچی گھومنے گیا تھا، ہمیں پاکستان کے لوگوں نے بہت عزت اور پیار دیا تھا جبکہ پاکستانیوں کی مہمان نوازی بھی بہت اچھی تھی۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے پاکستانیوں کی مہمان نوازی میں سب سے زیادہ اس بات نے متاثر کیا تھا کہ اگر وہاں مہمان کسی چیز کی تعریف کردیتا ہے تو مذکورہ چیز فوراََ اُس مہمان کو دے دی جاتی ہے۔

شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ مجھے پاکستان میں بہت اچھا لگا اور میری خواہش ہے کہ میں اپنے تینوں بچوں اور اہلیہ گوری خان کو بھی پاکستان دکھانے لیکر جاؤں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔