سینیئر اداکار طلعت حسین انتقال کرگئے

ویب ڈیسک  اتوار 26 مئ 2024
طلعت حسین نے بیٹی نے والد کے انتقال کی تصدیق کی : فوٹو : فائل

طلعت حسین نے بیٹی نے والد کے انتقال کی تصدیق کی : فوٹو : فائل

  کراچی: پاکستان کے لیجنڈری سینیئر اداکار طلعت حسین طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

طلعت حسین کے انتقال کی افسوسناک خبر، اُن کی صاحبزادی تزین حسین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی پوسٹ کے ذریعے دی۔

تزین حسین نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر والد طلعت حسین کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں گہرے رنج و غم کے ساتھ یہ اعلان کررہی ہوں کہ میرے پیارے والد طلعت حسین صاحب خالقِ حقیقی سے جا ملے ہیں۔

اُنہوں نے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد طلعت حسین کی مغفرت کے لیے دُعا کریں۔

تزین حسین نے مزید کہا کہ طلعت حسین کے جنازے کی تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔

طلعت حسین کے انتقال پر پاکستانی شوبز انڈسٹری کو گہرا صدمہ پہنچا ہے، فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے سینیئر اداکار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ ریڈیو، ٹیلی ویژن اور سنیما میں اپنا ایک اعلیٰ مقام بنانے والے لیجنڈری اداکار طلعت حسین طویل عرصے سے بیمار تھے اور کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

طلعت حسین بھارت کے شہر دہلی میں 1940ء میں پیدا ہوئے تھے، اُنہوں نے پروفیسر رخشندہ حسین سے شادی کی تھی، اس جوڑی کی بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔

حکومت پاکستان کی طرف سے 1982 میں طلعت حسین کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ اور سال 2021 میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔

طلعت حسین کے انتقال پرعطاء اللہ تارڑ کی تعزیت:

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے ٹی وی، فلم، تھیٹر اور ریڈیو کے عظیم اداکار اور صداکار طلعت حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ طلعت حسین کے انتقال کی خبر سُن کر دلی افسوس ہوا، طلعت حسین ایک منفرد فنکار تھے جنہوں نے اپنی آواز اور اداکاری سے ہر کردار کو زندہ کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ طلعت حسین نے لندن چینل فور کی مشہور زمانہ سیریز ”ٹریفک“ میں لاجواب اداکاری کا مظاہرہ کیا، مقبول ٹی وی ڈراموں ہوائیں، کشکول، طارق بن زیاد اور دیگر میں انہوں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مرحوم طلعت حسین ایک حقیقی استاد تھے، ان کی وفات سے فنون لطیفہ کی دنیا ایک عظیم فنکار سے محروم ہو گئی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ طلعت حسین ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے، اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔