کراچی میں بجلی کی عدم فراہمی پر شدید احتجاج، ٹریفک معطل

اسٹاف رپورٹر  اتوار 26 مئ 2024
پولیس نے احتجاج کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا

پولیس نے احتجاج کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا

  کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن اور اورنگی بنارس پل پر بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا، پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے 4 مظاہرین کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ۔

شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے ظفر ٹاؤن میں علاقہ مکینوں نے بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

ایس ایچ او شاہ لطیف ملک سلیم نے بتایا کہ مظاہرین کو بات چیت کے ذریعے منتشر کرنے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر پولیس نے لاٹھی چارج کر کے انھیں منتشر کردیا جبکہ اس موقع پر مظاہرین میں شامل افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

اس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ پولیس کی نفری کو بھی تعینات کر دیا۔

دریں اثنا عبداللہ کالج کی جانب سے اورنگی ٹاؤن جانے والے بنارس پل کے ٹریک پر علاقہ مکینوں نے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

مظاہرین کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور فوری طور پر بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو بات چیت کے بعد منتشر کر کے ٹریفک بحال کرا دیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔