نواسی نے اپنی فوت شدہ نانی کی محبت میں میت کی راکھ کھا لی

ویب ڈیسک  بدھ 29 مئ 2024
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

سڈنی: دنیا کی بہت سی ثقافتوں میں مرنے والوں کے عزیز ان کی لاشیں جلا کر ان کی راکھ اپنے پاس رکھ لیتے ہیں لیکن ایک حالیہ واقعہ میں ایک خاتون نے تو حد ہی کردی، اپنی نانی کی راکھ کو پکا کر خود بھی کھایا اور والدہ اور بھائی کو کھلایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ عجیب و غریب واقعہ آسٹریلیا میں پیش آیا جہاں ایک خاتون نے ایک ریڈیو شو میں کال کی اور میزبان کو اس وقت چونکا دیا جب اس نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنی نانی کی راکھ پکا کر کھائی۔

شیئن نامی خاتون نے ’میلبورن بریکفاسٹ‘ کے نام سے ایک ریڈیو شو میں کال کی۔ جہاں ان سے پوچھا گیا کہ زندگی میں کیا ایسی کوئی بات ہے جس کا وہ اعتراف کرنا چاہیں گی جس پر انہوں نے کہا ہاں، میں نے اپنی نانی کو کھایا ہے۔

شیئن نے بتایا کہ میری نانی کا گزشتہ سال اگست میں انتقال ہو گیا تھا اور ان کی میت کو جلایا گیا تھا۔ میرا خاندان، میں، میری والدہ بہت غمگین تھے۔ ہم ایک رات ماں کے پاس گئے اور ہم نے یہ خیال پیش کیا کہ کیوں نہ نانی (کی راکھ) کو کھا لیا جائے۔

چنانچہ میں نے ان کی راکھ پکائی اور اسے اپنی ماں اور بھائی کے ساتھ کھا لیا۔

ریڈیو میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ وہ ایسا کام کر کے اپنی نانی کے قریب خود کو محسوس کررہی ہیں جس پر شیئن نے جواب دیا کہ اب  نانی ہمیشہ ان کے اندر زندہ رہیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔