پاکستان فٹبال لیگ کے وفد کی وفاقی مشیر رانا ثنا اللہ سے ملاقات

مائیکل اوون کی زیر قیادت وفد نے وفاقی مشیر کو پاکستان میں فٹبال کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ پیش کیا


ویب ڈیسک June 04, 2024
فوٹو: پاکستان اسپورٹس بورڈ

پاکستان میں فٹبال کی ترقی و ترویج کیلئے پاکستان فٹبال لیگ کے وفد نے وزیر اعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ سے ملاقات کی۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے پاکستان فٹبال لیگ کے وفد کو خوش آمدید کہا اورپاکستان میں پی ایف ایل کوفروغ دینے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ مائیکل اوون اور فرحان احمد جونیجو کی زیر قیادت پاکستان فٹبال لیگ کے وفد نے وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ، وفاقی سیکرٹری ندیم ارشاد کیانی سمیت وزارت کے اعلیٰ حکام کو پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے جامع منصوبہ پیش کیا۔

اس موقع پر رانا ثناءاللہ، جن کے پاس اسپورٹس کا محکمہ بھی ہے، نے کہا کہ آپ ہمارے پاس 27 افراد پر مشتمل وفد ساتھ لیکر لائے ہیں ،ان میں 8 ملکوں کے فٹبال کے بڑے بڑے نام بھی شامل ہیں ہم انہیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ آپ تمام مشکلات کی پرواہ کیے بغیر فٹبال کی ترقی اورپاکستان کے بچوں کے لیے کام کریں، آپ کو حکومت پاکستان سے جو بھی تعاون درکار ہے وہ ہم آپ کو فراہم کریں گے، یہ پاکستان اور پاکستان کے بچوں کے لیے بہت بڑا اقدام ہے جو ملک میں ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔

وفاقی مشیر نے کہا کہ وزیر اعظم اس وقت چین کے دورے پر ہیں اس لیے انہوں نے مجھے مینڈیٹ دیا ہے اور اپنی اور اپنی منسٹری کی طرف سے یہ یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومت آپ لوگوں کے ساتھ فٹبال کی ترقی میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پی ایف ایل کا دورہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ ہم پی ایف ایل اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر پاکستان میں فٹ بال کا مضبوط ایکو سسٹم بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔

اس موقع پر اجلاس میں وفد کے سربراہ مائیکل اوون نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں فٹبال کے بنیادی انفراسٹرکچر کو ڈیویلپ کرنا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا، نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانا اور ملک میں مجموعی طور پر فٹبال کا معیار بلند کرنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں