دنیا کا سب سے بڑا شمسی پلانٹ فعال
یہ پلانٹ لگزمبرگ جتنے بڑے ملک کی توانائی کی طلب پوری کرنے کے لیے کافی ہے
چین میں دنیا کا سب سے بڑا سولر پلانٹ فعال کردیا گیا۔ پلانٹ چھ ارب کلو واٹ آور سے زائد بجلی کی سالانہ کھپت رکھنے والے چھوٹے سے ملک کو توانائی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
چین کے شمال مغربی صوبے شِنجیانگ کے صحرائی خطے میں قائم کی جانے والی یہ فیسلیٹی دو لاکھ ایکڑ پر پھیلی ہوئی ہے، یہ رقبہ کم و بیش نیو یارک شہر کے برابر ہے۔
پیر کے روز چین کی گرڈ سے جڑنے والا یہ 5 گِیگا واٹ کمپلیکس لگزمبرگ جتنے بڑے ملک کی توانائی کی طلب پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔
چین نے ملک کو شمسی توانائی کی طرف لے جانے میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ کام کیا ہے، سال 2023 میں اپنی پیداواری صلاحیت میں 50 فی صد سے زیادہ کا اضافہ کیا ہے۔
یہ نیا سولر فارم فعال ہونے کے بعد چین میں ہی موجود نِنگشیا ٹینیگلی اور گولمڈ ووٹومیرن سولر پروجیکٹس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کا سب سے بڑا فارم بن گیا ہے۔
انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (آئی ای اے) کی جانب سے حال ہی میں شائع ہونے والی رپورٹ میں چین کے قابلِ تجدید توانائی کی جانب جانے کو زبردست قرار دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق چین نے گزشتہ برس 2022 میں دنیا بھرمیں بننے والی توانائی کے برابر شمسی توانائی پیدا کی۔