وزیراعلیٰ گنڈا پور کےخلاف فوری فیصلہ کن کارروائی کی جائے، شرجیل میمن

Web Desk / ویب ڈیسک  بدھ 5 جون 2024
photo file

photo file

KARACHI /   کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈا پور کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے، گنڈاپور صرف پی ٹی آئی کاوزیر اعلیٰ ہے۔
سندھ کے سینئرصوبائی وزیر اور رہنما پیپلزپارٹی شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو دھمکیاں دینا بند کریں اور غنڈے نہ بنیں بلکہ وزیر اعلیٰ رہیں۔
اپنے ایک بیان میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ہم گنڈاپورکو کےپی کا نہیں، صرف پی ٹی آئی کا وزیراعلیٰ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لگتاہےگنڈاپور کو شاید غنڈہ بننا تھا اور وہ غلطی سےوزیر اعلیٰ بن گئے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ گورنر کو دھمکی دینا محض ایک فرد کی توہین نہیں بلکہ ہمارے آئینی نظام پرحملہ ہے، فیصل کریم کنڈی اہم آئینی عہدے پر فائز ہیں، انکو دھمکی ناقابل قبول اور دہشتگردی کی زمرے میں آتی ہے۔
سینئروزیرنے کہا کہ اعلیٰ عوامی عہدے پر فائز شخص کی جانب سے دھمکیاں سنگین نوعیت کامعاملہ ہے، لہذا علی امین گنڈا پور کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔