ٹک ٹاک پر متعدد ہائی پروفائل اکاؤنٹس ہیک

ویب ڈیسک  جمعـء 7 جون 2024

ہیکرز نے ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے ڈائریکٹ میسج فیچر میں نقص کی نشان دہی کرتے ہوئے متعدد ہائی پروفائل ٹک ٹاک اکاؤنٹ ہیک کر لیے۔

زیرو ڈے ولنریبلیٹی نامی سیکیورٹی کے اس مسئلے کو ریئلٹی ٹی وی اسٹار پیرس ہلٹن سمیت سی این این اور سونی کے آفیشل اکاؤنٹس کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔

ٹک ٹاک کا کہنا تھا کہ کمپنی نے مسئلے کو مستقبل میں واقع ہونے سے روکنے کے لیے اپ ڈیٹ جاری کر دی ہے اور فی الوقت کمپنی ہیک کیے جانے والے صارفین کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

ترجمان ٹک ٹاک کے مطابق کمپنی کی سیکیورٹی ٹیم نشانہ بننے والے برانڈز اور سلیبریٹی اکاؤنٹس کی تعداد جانتی ہے۔ کمپنی نے مستقبل میں ایسا نہ ہونے دینے کے لیے اقدامات کر لیے ہیں۔

ٹک ٹاک ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پلیٹ فارم اپنی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے مخلص ہے اور مزید کسی غیر مستند سرگرمیوں کی نگرانی کرنا جاری رکھے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔