قومی اسمبلی سپریم کورٹ کو فیصلوں پر مزید نظر ثانی کا اختیار دینے سمیت 6بل پیش

ایکسپریس اردو  بدھ 11 جولائی 2012
چیف الیکشن کمشنرکے بجائے الیکشن کمیشن کالفظ استعمال ہوگا  فوٹو ایکسپریس

چیف الیکشن کمشنرکے بجائے الیکشن کمیشن کالفظ استعمال ہوگا فوٹو ایکسپریس

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں سپریم کورٹ کونظرثانی کے فیصلوں پرمزیدنظر ثانی کااختیاردینے، ہتک عزت آرڈیننس میںمزیدترمیم کرنے،بچوںکے خلاف جنسی زیادتی پرسخت سزادینے سے متعلق بل سمیت6مختلف بل ایوان میں پیش کردیے گئے،خواتین کے خلاف گھریلو تشدد پرقانون سازی کابل سیاسی جماعتوںسے مشاورت کیلیے مؤخرکردیاگیا،ایوان نے قومی اسمبلی میںکارروائی اورطریقہ کارکے قواعد 2007میں ترامیم کی متفقہ طورپرمنظوری دیدی جس کے تحت آئندہ چیف الیکشن کمشنرکے بجائے الیکشن کمیشن کالفظ استعمال کیاجائے گا۔

قومی اسمبلی میں پرائیویٹ ممبرڈے کے دوران ق لیگ کی رکن نوشین سعیدنے مضروب اشخاص ایکٹ 2004میں مزید ترمیم کرنے کا بل (مضروب اشخاص ( طبی امداد)(ترمیمی) بل 2012)،بچوں کے خلاف جنسی زیادتیوں پرسخت سزائوں کیلیے مجموعہ تعزیرات پاکستان اورمجموعہ ضابطہ فوجداری 1898 میں مزیدترمیم کرنے کابل (فوجداری قانون(ترمیمی) بل 2012)،موبائل فون کمپنیز کو سمز کے اجراکے وقت قانونی تقاضے پورے کرنے اورنوجوان نسل کو خراب کرنے والے سستے پیکجزپرنظر ثانی کرنے کے حوالے سے پاکستان ٹیلی مواصلات(تنظیم نو)ایکٹ 1996میں مزید ترمیم کرنے کابل (پاکستان ٹیلی مواصلات(تنظیم نو)(ترمیمی)بل 2012) پیش کیا۔

پیپلز پارٹی کے رکن حامدسعید کاظمی نے ہتک عزت آرڈیننس2002میں مزید ترمیم کرنے کا بل(ہتک عزت (ترمیمی) بل2012ء)پیش کیا جبکہ مسلم لیگ(ن)کے نصیر بھٹہ نے دستور میں مزیدترمیم کرنے کا بل (دستور) (ترمیمی) بل 2012ء) پیش کیاقائم مقام اسپیکر نے مذکورہ تمام ترمیمی بلوں کومتعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کردیا۔ایم کیو ایم کے ارکان اقبال محمد علی خان اورڈاکٹر عبدالقادر خانزادہ کی طرف سے سپریم کورٹ کے نظر ثانی کی اپیلوں پرفیصلوں پرمزید نظر ثانی کرنے سے متعلق اصلاحی نظر ثانی(منجانب سپریم کورٹ)کی قانون سازی کرنے کا بل(اصلاحی دائرہ اختیار(منجانب سپریم کورٹ) بل2012پیش کیاگیاجومتعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپردکردیاگیا۔

یاسمین رحمٰن کی طرف سے خواتین پر گھریلو تشددکے خلاف احکام واضح کرنے کے بل(گھریلو تشدد (امتناع و تحفظ بل 2012)کو قائم مقام اسپیکر نے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرنے کیلیے مؤخر کردیا۔ ایوان نے یاسمین رحمن کی طرف سے قومی اسمبلی میں کارروائی اور طریق کار کے قواعد 2007 کے قاعدہ 293 کے ذیلی قاعدہ (4) کے تحت 9ترامیم ایوان میں پیش کیں جنھیں متفقہ طورپرمنظورکرلیا گیا،ان ترامیم کے تحت آئندہ چیف الیکشن کمشنر کے بجائے الیکشن کمیشن کالفظ استعمال کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔