ساہیوال کے اسپتال میں آتشزدگی، دم گھٹنے سے 4 نومولود جاں بحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 جون 2024
فوٹو اسکرین گریپ

فوٹو اسکرین گریپ

ساہیوال کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اینڈ ٹیچنگ اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں 4 نومولود جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے ڈی ایچ کیو اینڈ ٹیچنگ اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث وارڈ میں دھواں بھرنے سے چار بچے جاں بحق ہوگئے۔

اسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن کر کے 60 بچوں کو ریسکیو کر کے دوسرے وارڈ میں شفٹ کیا اور فائربریگیڈ طلب کی۔

محکمہ فائر بریگیڈ کے رضاکار دو گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔

ایم ایس ڈی ایچ کیو نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے بچے پیدائشی طور پر بیمار تھے جبکہ وارڈ میں تعینات گارڈ نے بروقت اقدامات کر کے دیگر بچوں کو بچایا اور اس دوران ایک سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اُدھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی اور غفلت کے مرتکب افراد کا تعین کر کے سخت کارروائی کی ہدایت بھی کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔