کراچی میں کچرا چننے والے لڑکے کے قتل کا مرکزی ملزم سیکیورٹی گارڈ گرفتار

اسٹاف رپورٹر  اتوار 9 جون 2024
سیکیورٹی گارڈ فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا تھا—فائل/فوٹو: سی سی ٹی وی

سیکیورٹی گارڈ فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا تھا—فائل/فوٹو: سی سی ٹی وی

  کراچی: پولیس نے نارتھ کراچی سیکٹرالیون-اے میں کچرا چننے والے 15 سالہ لڑکے کے قتل کے مرکزی ملزم سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چند روز قبل ملزم سیکیورٹی گارڈ رمضان نے نارتھ کراچی میں کچرا چنے والے 15 سالہ صمد گل کو سینے پر گولی مارکر زخمی کردیا تھا۔

ملزم رمضان فائرنگ کے بعد موقعے سے فرارہوگیا تھا، جسے پولیس نے کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کا کہنا ہے کہ اس نے کچرا چننے والے لڑکے کو گلی میں گھسنے سے منع کیا تھا مگر وہ نہیں مانا جس پرملزم نے فائرنگ کردی۔

خیال رہے کہ فائرنگ سے زخمی نوجوان کواسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پیرکو ملزم کو عدالت میں پیش کرکے اس کا جسمانی ریمانڈ لیا جائے گا۔

مذکورہ کیس میں بڑی پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب تحقیقات کے دوران پولیس نے سیکیورٹی کمپنی کے سپروائزرعاصم کو گرفتارکرلیا تھا، پولیس کے مطابق گرفتار عاصم نے بنا کسی تصدیق کے غیرتربیت یافتہ شخص کو بھرتی کیا تھا۔

پولیس نے متعلقہ کمپنی کے 12 گارڈز کا اسلحہ بھی ضبط کرلیا ہے اور کمپنی نے اپنا لائسنس بھی پولیس کو دکھایا۔

یاد رہے کہ نوجوان کے قتل میں ملوث سیکیورٹی گارڈ رمضان واقعے کے بعد فرار ہوا تھا اور پولیس نے دو دن بعد گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔