پی آئی اے کا قبل ازحج آپریشن 171 پروازوں کے ذریعے مکمل

ویب ڈیسک  منگل 11 جون 2024
پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے 35 ہزار 50 عازمین حج حجاز مقدس پہنچے—فوٹو: فائل

پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے 35 ہزار 50 عازمین حج حجاز مقدس پہنچے—فوٹو: فائل

  کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر (پی آئی اے) نے قبل از حج آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا اور قومی ایئر لائن کی 171 پروازوں کے ذریعے 35 ہزار 30 عازمین حج حجاز مقدس روانہ ہوئے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ قبل ازحج آپریشن کے تحت گزشتہ شب کراچی تا جدہ آپریٹ ہونے والی پی آئی اے کی آخری پرواز کے ساتھ ہی قبل ازحج آپریشن مکمل ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ کل 171 پروازوں کے ذریعے 35 ہزار 30 عازمین حج حجاز مقدس روانہ ہوئے، ان پروازوں کے ذریعے سے تقریباً 19 ہزار 500 سرکاری عازمین حج، 14 ہزار 900  پرائیوٹ عازمین حج اور 630 خدام الحجاج مدینہ منورہ اور جدہ روانہ ہوئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آغاز 9 مئی کو ہوا تھا جو 11 جون تک جاری رہا، قبل ازحج پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، سیالکوٹ اور پشاور سے براہ راست روانہ ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ سکھر اور کوئٹہ سےعازمین حج نے براستہ کراچی، جدہ کا سفر کیا، 171پروازوں میں سے 126 پروازیں وقت سے کچھ دیر پہلے روانہ ہوئیں، قبل ازحج آپریشن کے دوران 45 پروازیں موسم کی خرابی اور آپریشنل وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔