ہندو انتہا پسندوں نے عامر خان کے بیٹے کی فلم 'مہاراج' کی ریلیز روک دی

ویب ڈیسک  جمعـء 14 جون 2024
جنید خان فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کیلئے چار برس سے تیاری کررہے تھے : فوٹو : بھارتی میڈیا

جنید خان فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کیلئے چار برس سے تیاری کررہے تھے : فوٹو : بھارتی میڈیا

 گجرات: بالی ووڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے بیٹے جنید خان کی ڈیبیو فلم ‘مہاراج’ کو ہندو انتہا پسندوں نے ریلیز سے روک دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات ہائی کورٹ نے عامر خان کے بیٹے جنید خان کی فلم ‘مہاراج’ کی ریلیز کو روکنے کے لیے احکامات جاری کردیے ہیں۔

جنید خان کی ڈیبیو فلم ‘مہاراج’ 14 جون کو یعنی آج نیٹ فلکس پر ریلیز ہونی تھی لیکن گجرات ہائی کورٹ نے ہندو انتہا پسند گروہ کی درخواست پر فلم کو  ریلیز کو روک دیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ وشوا ہندو پریشد کے یوتھ ونگ بجرنگ دل نے یش راج فلمز اور نیٹ فلکس آفیشلز کو فلم کی ریلیز کیخلاف خطوط لکھے تھے جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ 14 جون کو فلم ‘مہاراج’ کی اسٹریمنگ سے قبل اسے تنظیم کو دکھایا جائے کیونکہ اس فلم سے ہندو مذہبی جذبات مجروح ہوسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: عامر خان کے بعد ان کے بیٹے جنید کی فلم بھی ہندو انتہاپسندوں کے نشانے پر آگئی

بجرنگ دل نے دھمکی دی تھی کہ فلم کو دیکھنے کے بعد تنظیم فیصلہ کرے گی کہ فلم کے خلاف کیا ایکشن لینا ہے اور اگر فلم کو بغیر دکھائے ریلیز کیا گیا تو امن و امان کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب بھارت میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر بھی ‘بائیکاٹ مہاراج’ اور ‘بائیکاٹ نیٹ فلکس’ کے ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈ کررہے ہیں، ہندو انتہا پسندوں کا کہنا ہے کہ نیٹ فلکس ’ہندو مخالف‘ مواد کو فروغ دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’مہاراج‘ کو پروڈکشن ہاؤس یش راج فلمز کے تحت بنایا گیا ہے اور اسے ادیتیہ چوپڑا نے پروڈیوس کیا جبکہ سدھارتھ ملہوترا نے ہدایت کاری دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔