ورون دھون نے بیٹی کی پہلی تصویر جاری کردی

ویب ڈیسک  اتوار 16 جون 2024
ورون دھون کی اہلیہ کے ہاں 3 جون کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی : فوٹو : فائل

ورون دھون کی اہلیہ کے ہاں 3 جون کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی : فوٹو : فائل

 ممبئی: بالی ووڈ اداکار ورون دھون نے فادرز ڈے کے موقع پر بیٹی کی پہلی جھلک مداحوں کو دکھا دی۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج فادرز ڈے منایا جارہا ہے، یہ دن والد کی عظمت، عزت اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔

امریکا میں بیسویں صدی کے اوائل میں ماؤں کے عالمی دن کی کامیابی کے بعد والد کی عظمت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے فادرز ڈے منانے کا سلسلہ شروع ہوا، اس دن بچے اپنے والد کی عظمت کو سراہتے ہوئے ان سے اپنی محبت اوراحترام کا اظہار کرتے ہیں۔

اس موقع پر عام افراد سے لیکر مشہور شخصیات اپنے والد کے لیے سوشل میڈیا پر محبت بھرے پیغامات جاری کرتی ہیں۔

ایسے میں حال ہی میں ننھی پری کے والد بننے والے بھارتی اداکار ورون دھون نے بھی اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر فادرز ڈے کی مناسبت سے خصوصی پوسٹ شیئر کی۔

مزید پڑھیں: ورون دھون کی اپنی بیٹی کیساتھ پہلی ویڈیو وائرل

ورون دھون نے انسٹاگرام پر دو تصاویر پوسٹ کیں جن میں سے پہلی تصویر میں اُنہوں نے اپنی نومولود بیٹی کا ہاتھ تھاما ہوا ہے، یہ پہلا موقع ہے کہ جب اداکار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بیٹی کی تصویر جاری کی۔

اداکار نے دوسری تصویر میں اپنے پالتو جانور کا ہاتھ پکڑا ہوا ہے، اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں اپنے والد سمیت تمام چاہنے والوں کو فادرز ڈے کی مبارکباد دی۔

اُنہوں نے کہا کہ میرے والد نے مجھے سکھایا کہ اس دن کو منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے خاندان کی خوشی کے لیے کام کرو اور میں بھی ایسا ہی کروں گا۔

ورون دھون نے مزید کہا کہ میرے لیے بیٹی کا باپ بننے سے زیادہ بڑی خوشی کوئی دوسری نہیں ہوسکتی۔


View this post on Instagram

A post shared by VarunDhawan (@varundvn)

یاد رہے کہ ورون دھون نے جنوری 2021 میں اپنی دیرینہ دوست نتاشا دلال سے شادی کی تھی اور رواں سال 3 جون کو اس جوڑے کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔