خاتون مسافر کو عملے نے منہ اور ہاتھ پر ٹیپ لگا کر سیٹ سے کیوں باندھا تھا

ویب ڈیسک  پير 17 جون 2024
جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں خاتون مسافر پر مقدمہ بھی درج کیا گیا

جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں خاتون مسافر پر مقدمہ بھی درج کیا گیا

 واشنگٹن: امریکا میں 34 سالہ خاتون مسافر پر پرواز کے دوران دوسرے مسافر پر تھوکنے، لاتیں مارنے اور جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش پر 81 ہزار 950 ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق خاتون مسافر ہیدر ویلز بار بار تنبیہ کے باوجود باز نہ آئیں تو جہاز کے عملے نے انتہائی اقدام اُٹھاتے ہوئے ان کے ہاتھ اور منہ پر ٹیپ لگا کر سیٹ سے باندھ دیا تھا۔

امریکی ایئرلائن کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ واقعہ ٹیکساس جانے والی پرواز میں 7 جولائی 2021 میں پیش آیا تھا، تاہم اب مکمل تحقیقات کے بعد خاتون پر فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے بھاری جرمانہ عائد کردیا۔

جہاز، عملے اور مسافروں کے تحفظ کو خطرے میں ڈالنے پر 45 ہزار ڈالر، پرواز کے دوران جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش پر 27 ہزار 900 ڈالر اور عملے کے فرائض میں خلل پیدا کرنے پر 9 ہزار کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

ایئرلائن کمپنی نے جرمانہ ادا نہ کرنے پر خاتون پر مقدمہ بھی درج کرایا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔