ٹی20 ورلڈکپ؛ ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 104 رنز سے ہرا دیا

ویب ڈیسک  منگل 18 جون 2024
(فوٹو: کرک انفو)

(فوٹو: کرک انفو)

سینٹ لوشیا: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 104 رنز سے شکست دے دی۔

افغانستان کی پوری ٹیم ویسٹ انڈیز کے 219 رنز کے تعاقب میں 114 رنز بنا آؤٹ ہو گئی۔

افغانستان کے ابراہیم زردان سب سے نمایاں بیٹسمین تھے جنہوں نے 38 رنز بنائے، گلبدین نائب 7، عظمت اللہ عمر زئی 23، کریم جنت 14 اور کپتان راشد خان نے 14 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے میکائے نے 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا، جبکہ موتی اور عقیل حسین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ آندرے رسل اور الزاری جوزف کے ہاتھ 1،1 وکٹ لگیں۔

اس سے قبل میگا ایونٹ میں گروپ سی کے آخری میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے نمایاں اننگز نکولس پورن کی تھی جنہوں نے 53 گیندوں پر 98 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ جانسن چارلس 27 گیندوں پر 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔شائے ہوپ نے 25 رنز بنائے، جبکہ کپتان رؤمن پاول 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان نے اس میچ میں اپنے 7 بولرز کو آزمایا، گلبدین نائب نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جبکہ نوین الحق اور عظمت اللہ عمر زئی نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میگا ایونٹ میں گروپ سی کا یہ آخری میچ ہے، دونوں ٹیمیں گروپ سی میں ناقابل شکست ہیں اور سُپر 8 مرحلے کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں۔

اسکواڈ:

افغانستان: رحمت اللہ گرباز، ابراہیم زردان، گلبدین نائب، عظمت اللہ عمر زئی، محمد نبی، نجیب اللہ زردان، کریم جنت، راشد خان(کپتان)، نور احمد، نوین الحق، فضل حق فاروقی

ویسٹ انڈیز: جانسن چارلس، برینڈن کنگ، نکولس پورن، شائے ہوپ، رؤمن پاول(کپتان)، شیرفین ردر فورڈ، آندرے رسل، عقیل حسین، الزاری جوزف، گڈاکیش موتی، عبید میکائے

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔