’ٹیم میں اتحاد ہی نہیں ہے‘ گیری کرسٹن نے قومی ٹیم کا بھانڈا پھوڑ دیا

ویب ڈیسک  منگل 18 جون 2024
(فوٹو: ویب ڈیسک ایکسپریس)

(فوٹو: ویب ڈیسک ایکسپریس)

 نیویارک: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے ڈریسنگ روم کی اندرونی کہانی عیاں کر دی، انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹیم میں اتحاد ہی نہیں ہے۔

گیری کرسٹن کی زیر تربیت گرین شرٹس نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ٹیم سُپر 8 مرحلے تک رسائی میں بھی ناکام رہی تھی۔

ملکی اور غیر ملکی مختلف ذرائع ابلاغ نے قومی ٹیم کی خراب کارکردگی پر ٹیم میں عدم یکجہتی کے شکوک کا اظہار کیا تھا، جس پر گیری کرسٹن نے تصدیق کی مہر لگا دی۔

آخری راؤنڈ میچ میں آئرلینڈ سے کافی تگ و دو کے بعد کامیابی حاصل کرنے والی بابر الیون کے ساتھ میٹنگ میں ہیڈ کوچ ٹیم کی ہر شعبے میں ناکامی پر افسردہ نظر آئے۔

مزید پڑھیں: بابراعظم سمیت 6 کرکٹرز کا فوری وطن واپس نہ آنے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کے ساتھ گفتگو میں ان کی کھیل میں عدم دلچسپی پر برہم نظر آئے، انہوں نے کہا کہ اتنی کرکٹ کھیلنے کے باوجود ابھی تک یہ نہیں معلوم کہ کون سا شاٹ کس وقت کھیلنا ہے۔

کھلاڑیوں کے فٹنس معیار پر بھی ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کے سامنے سوالات کھڑے کر دیئے اور جدید کرکٹ سے دور رہنے کی وجوہات بھی پوچھیں۔

گیری کرسٹن نے سینئر کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب سے ٹیم کو جوائن کیا ہے میں نے ٹیم کو متحد نہیں دیکھا، نہ یہ اتحاد میدان میں نظر آیا اور نہ ہی ڈریسنگ میں اس کی ایک جھلک دیکھنے کو ملی۔

ہیڈ کوچ کے مطابق ایسی صورتحال بطور کوچ میں نے کہیں نہیں دیکھی، انہوں نے کھلاڑیوں کو خبردار کیا کہ اگر کھلاڑی ایک ٹیم نہ بنے اور اپنی فٹنس اور اسکلز پر توجہ نہیں دی تو وہ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔