نیپرا کی گھریلو صارفین کیلیے ہزار روپے تک فکسڈ چارجز کی تجویز

ویب ڈیسک  جمعـء 21 جون 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: نیپرا نے یکم جولائی سے گھریلو بجلی صارفین کے لیے ہزار روپے تک فکسڈ چارجز کی تجویز دے دی۔

ذرائع کے مطابق نیپرا نے تجاویز وفاقی حکومت کو بھجوا دیں جو اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی، مجوزہ فکسڈ چارجز بجلی کے اوسط بنیادی ٹیرف 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ میں شامل ہیں اور نیپرا 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا چکی ہے۔

ماہانہ 301 سے 400 یونٹ استعمال پر 200روپے اور ماہانہ 401 سے 500 یونٹ بجلی استعمال پر 400روپے فکسڈ چارجز لگیں گے۔

اسی طرح، ماہانہ 501سے 600 یونٹ استعمال پر 600 روپے، ماہانہ 601 سے 700 یونٹ استعمال پر 800 روپے اور ماہانہ 700یونٹ سے زیادہ استعمال پر ایک ہزار روپے فکسڈ چارجز ہوں گے۔

تمام فکسڈ چارجز بجلی کے بنیادی ٹیرف کا حصہ ہیں، بجلی کے بنیادی ٹیرف کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی درخواست آنے کے بعد ہوگا۔

واضح رہے کہ گھریلو صارفین کے ٹیرف میں پہلے فکسڈ چارجز شامل نہیں تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔