سندھ میں زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف مہم جاری
ٹرانسپورٹرز پر تین لاکھ سے زائد جرمانہ، مسافروں کو پونے 7 لاکھ روپے واپس کیے گئے
سندھ میں زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف مہم جاری، ٹرانسپورٹرز پر تین لاکھ سے زائد جرمانہ، مسافروں کو پونے 7 لاکھ روپے واپس کیے گئے۔
سینئر وزیر، ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر سندھ پولیس اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کے تعاون سے عید الاضحی کے بعد بھی زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف مہم کا سلسلہ جاری رہا۔
مہم کے تحت زائد کرایہ موقع پر ہی مسافروں کو واپس کیا گیا اور حکومت سندھ کی ہدایت کے مطابق زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
واضح رہے کہ عید کی تعطیلات کے بعد 512 گاڑیوں کو چیک کیا گیا، اور زائد کی کرائے کی مد میں وصول کردہ 670500 روپے مسافروں کو واپس کیے گئے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر 310300روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔