سپر 8 مرحلے کا پہلا بڑا اپ سیٹ، افغانستان نے آسٹریلیا کو 21 رنز سے شکست دے دی

ویب ڈیسک  اتوار 23 جون 2024
(فوٹو: کرک انفو)

(فوٹو: کرک انفو)

سینٹ ونسنٹ: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کا پہلا بڑا اپ سیٹ سامنے آ گیا ہے، افغانستان نے آسٹریلیا کو 21  رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ 2023 کی شکست کا بدلہ لے لیا۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم افغانستان کے 148 رنز کے تعاقب میں 19.2 اوورز میں 127 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

ہدف کے تعاقب میں کینگروز کا آغاز اچھا نہ تھا، ٹریوس ہیڈ تین گیندیں کھیل کر بنا کوئی رن بنائے نوین الحق کی بال پر بولڈ ہو گئے، ٹی 20 اسپیشلسٹ ڈیوڈ وارنر صرف 3 رنز بنا سکے۔

کپتان مچل مارش کی مزاحمت صرف 12 رنز تک محدود رہی، گلین میکسویل سب سے نمایاں بیٹسمین تھے جنہوں نے 59 رنز کی اننگ کھیلی، مارکوس اسٹوئنس کی اننگز 12 رنز سے آگے نہ بڑھ سکی۔ ایڈم زمپا نے 9 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب نمایاں بالر تھے جنہوں نے 4 آسٹریلوی بیٹرز کا شکار کیا، نوین الحق نے بھی 3 کینگروز کو ٹھکانے لگایا، راشد خان، عظمت اللہ عمرزئی اور محمد نبی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل سینٹ ونسٹنٹ میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے اوپنرز نے سنچری پارنٹری شپ بنائی مگر 15.5 اوورز میں 118 رنز کی پارٹنر شپ نے ٹیم کو بڑا اسکور کرنے سے محروم کر دیا۔

رحمان اللہ گرباز 60 اور ابراہیم زردان 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کریم جنت نے 13 رنز بنائے۔

کینگروز کی جانب سے پیٹ کمنز نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ  ایڈم زمپا نے 2 اور مارکوس اسٹوئنس نے 1 وکٹ لی

اسکواڈ:

افغانستان: رحمت اللہ گرباز، ابراہیم زردان، گلبدین نائب، عظمت اللہ عمر زئی، محمد نبی، کریم جنت، ننگیالیا خروٹے، راشد خان (کپتان)، نور احمد، نوین الحق، فضل حق فاروقی

آسٹریلیا: ٹریوس ہیڈ، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش (کپتان) گلین میکسویل، مارکوس اسٹوئنس، ٹم ڈیوڈ، میتھیو ویڈ، پیٹ کمنز، ایشٹن ایگر، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔