زارا نور کی شادی پر ہی دوسری شادی کا فیصلہ کرلیا تھا بشریٰ انصاری

میں نے کسی کا گھر نہیں اُجاڑا اور نہ ہی کسی کے بچے الگ کیے، سینیئر اداکارہ


ویب ڈیسک June 26, 2024
بشریٰ انصاری نے ڈرامہ نگار اقبال حسین سے دوسری شادی کی : فوٹو : انسٹاگرام

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے اپنی بھانجی زارا نور عباس کی شادی پر ہی ڈرامہ نگار اقبال حسین سے شادی کا فیصلہ کرلیا تھا۔

حال ہی میں بشریٰ انصاری نے اپنی بہن و اداکارہ اسما عباس کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی دوسری شادی سے متعلق کُھل کر بات کی۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ مجھے دوسری شادی کا فیصلہ کرنے میں تقریباََ ڈیڑھ سال لگا، میرے بڑے بھائی اور قریبی دوستوں نے جب اقبال حسین سے ملاقات کی تو اُنہوں نے مجھے جلد شادی کرنے کا مشورہ دیا۔

سینیئر اداکارہ نے کہا کہ اُس وقت میری والدہ بھی حیات تھیں تو اُنہیں بھی اقبال حسین کی شخصیت نے بہت متاثر کیا تھا، والدہ بھی یہی چاہتی تھیں کہ میں اقبال حسین سے شادی کرلوں۔

اُنہوں نے کہا کہ اُسی دوران، میری بہن اسما عباس کی بیٹی زارا نور عباس کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا تھا، فیملی کے تمام لوگ ہی جمع تھے تو اس دوران سب نے ایک بار پھر میری دوسری شادی کی بات چھیڑ دی، پھر میں نے زارا نور کی شادی پر ہی اقبال حسین سے شادی کا فیصلہ کرلیا تھا۔

مزید پڑھیں: بشریٰ انصاری کی اقبال حسین سےشادی کی تصدیق

بشریٰ انصاری نے کہا کہ فیصلے کے فوراََ بعد ہی، میں نے اقبال حسین سے شادی کرلی تھی، میرا دوسری شادی کا کوئی ارادہ نہیں تھا کیونکہ 60 سال کی عمر میں کوئی بھی شادی کا نہیں سوچتا، سب کچھ اللہ کی مرضی سے ہوا۔

سینیئر اداکارہ نے کہا کہ میں پہلی شادی میں ناکامی کے بعد 10 سال تک اکیلی رہی، اس طویل عرصے کے دوران کبھی تنہائی کا شکار نہیں ہوئی تھی بلکہ آزادی اور خوشی سے زندگی گزار رہی تھی، میرے پاس زندگی کی ہر آسائش موجود تھی۔

اُنہوں نے کہا کہ میری طرح اقبال حسین نے بھی تقریباََ 8 سال تک تنہا زندگی گزاری، میں جب اُن کی زندگی میں شامل ہوئی تو وہ اُس وقت اکیلے تھے، اُن کی اپنی سابقہ اہلیہ سے علیحدگی ہوچکی تھی تو میں یہاں یہ بات واضح کرنا چاہوں گی کہ میں نے کسی کا گھر نہیں اُجاڑا اور نہ ہی کسی کے بچے الگ کیے۔

بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ اقبال حسین کی سابقہ اہلیہ فرح سعدیہ ایک بہت ہی ذہین خاتون ہیں اور وہ گزشتہ کافی عرصے سے اپنے بچوں کے ہمراہ علیحدہ رہ رہی ہیں۔

واضح رہے کہ بشریٰ انصاری نے رواں سال اپریل میں ڈرامہ نگار اقبال حسین کے ساتھ اپنی دوسری شادی کی تصدیق کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں