امبانی کی شادی میں جسٹن بیبر کی پرفارمنس وائرل

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 جولائی 2024
ننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی 12 جولائی کو ہوگی : فوٹو : ویب ڈیسک

ننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی 12 جولائی کو ہوگی : فوٹو : ویب ڈیسک

 ممبئی: بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی کے سنگیت کی تقریب میں عالمی شہرت یافتہ کینیڈین پاپ اسٹار جسٹن بیبر کی شاندار پرفارمنس وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 5 جولائی کو مکیش امبانی نے ممبئی میں اپنے سب سے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور اُن کی منگیتر رادھیکا مرچنٹ کے سنگیت کی تقریب منعقد کی تھی۔

تقریب میں بین الاقوامی اسٹارز، بالی ووڈ، کھیلوں اور فیشن کی مشہور شخصیات نے شرکت کی۔ امبانی کی شادی میں شرکت کرنے والے بالی ووڈ کے نامور ستاروں میں سلمان خان، رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، وکی کوشل، مادھوری ڈکشٹ سمیت دیگر شامل تھے۔

کینیڈین پاپ اسٹار گلوکار جسٹن بیبر نے بھی اننت اور رادھیکا کی ستاروں سے سجی سنگیت کی تقریب میں پرفارم کیا، اُنہوں نے اپنے مشہور گانوں ‘لو یور سیلف’، ‘بیبی’ اور ‘پیچز’ پر پرفارم کیا۔

مزید پڑھیں: امبانی کے بیٹے کی شادی میں پرفارمنس کیلئے جسٹن بیبر کتنا معاوضہ لیں گے؟

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریب میں شریک ہونے والے مہمانوں اور شوبز شخصیات نے جسٹن بیبر کے ساتھ ساتھ اُن کا گانا گایا۔

جسٹن بیبر نے اپنی زبردست لائیو پرفارمنس سے ہر ایک کو اپنا گرویدہ کیا جبکہ گلوکار کے بھارتی مداح ویڈیوز دیکھ کر خوشی سے جھوم اُٹھے ہیں۔

اس شاندار پرفارمنس کے لیے جسٹن بیبر کو 83 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 2 ارب 76 کروڑ 88 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) معاوضہ دیا گیا۔

واضح رہے کہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی 12 جولائی کو ہوگی جبکہ اس جوڑے کی شادی کی تقریبات کا سلسلہ 14 جولائی تک جاری رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔