کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام ایک روزہ جنگل ایڈونچر کا انعقاد

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 6 جولائی 2024
جنگل ایڈونچر کیمپ میں 200 سے زائد بچوں نے شرکت کی

جنگل ایڈونچر کیمپ میں 200 سے زائد بچوں نے شرکت کی

کراچی پریس کلب اورسندھ بوائے اسکاؤٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے کے پی سی اراکین کے بچوں کے لیے ایک روزہ جنگل ایڈونچر کیمپ2024 کا انعقاد کیا گیا۔

گلستان اسکاؤٹس، گلشن اقبال میں صبح 9 تا شام5 بجے منعقد ہونے والے جنگل ایڈونچر کیمپ میں 110بچیاں اور90بچوں سمیت والدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور سبھی نے کیمپ میں ہونے والی مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر بچوں کی اسمبلی ہوئی اورپاکستانی جھنڈا لہرا کر پرچم کشائی کی گئی۔

جنگل ایڈونچر میں بچوں کو مختلف سرگرمیاں کرائی گئیں جس میں فلائی زپ لائن کے ذریعے بلندی سے اترنے کا طریقہ، جنگل ایڈونچر ٹریل، مشاہدات،کم گیمز،اندھیرے میں سفر،اسکاﺅٹس گیمز و ملی نغمات،ٹیم بلڈنگ گیمز، چھپے ہوئے خزانے کی تلاش،انڈور اسپورٹس سرگرمیوں میں آرچری،گن شوٹنگ،فٹ سال،ٹیبل ٹینس ،ٹیپ بال،بیڈ منٹن سمیت دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔

سندھ بوائے اسکاﺅٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے گلستان اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر گلشن اقبال پر منعقدہ ایک روزہ کراچی پریس کلب جنگل ایڈونچر کیمپ 2024کی اختتامی تقریب سے کراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد، سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن چیف اور جامعہ کراچی کے ڈین فیکلٹی آف لاءجسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز،صوبائی اسکاﺅٹ سیکرٹری سید اختر میر نے خطاب کیا۔

اختتامی تقریب میں کراچی پریس کلب کے خزانچی احتشام سعیدقریشی(پاشا )گورننگ باڈی کے شمس کیریو ،فوڈ کمیٹی کے انچارج اورکراچی یو نین آف جرنلسٹس دستور کے سینئر نائب صدر کفیل الدین فیضان،انتظامی کمیٹی کے منیر عقیل انصاری،نذیر احمد عباسی،عادل سلطان،فرحان گل،ذیشان احمد،عمران غوری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

اسی طرح جنگل ایڈونچر کیمپ کے ٹرینرز اسکاﺅٹ ہیڈ کوارٹر فاطمہ عبداللہ،سید حبیب الدین ،محمد صادق ودیگر نے شرکت کی، جبکہ میزبانی کے فرائض سینئر صحافی معین اللہ خان نے انجام دیے، جنگل ایڈونچر کیمپ میں شریک اراکین کراچی پریس کلب کے بچے و بچیوں اور والدین کے لیے وافر مقدر میں ٹھنڈ ے شربت ،صبح کا ناشتہ ،دوپہر کا کھانااور ریفریشمنٹ کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔

ایک روزہ جنگل ایڈونچر کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ریٹائرڈ) حسن فیروز نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ کراچی پریس کلب اپنے اراکین کے بچوں کے لیے اس طر ح کی سرگرمیوں کا انعقاد کرتا ہے۔ اسکاؤٹس کی تربیت بچوں میں خود اعتمادی کے ساتھ دیگر خصوصیات پیدا کرتی ہیں جو اسے دوسرے بچوں سے ممتاز کرتی ہیں ۔ کراچی پریس کلب ہر سال اس طرح کے کیمپ کا انعقاد باقاعدگی سے کرتا ہے جو اچھی روایت ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس ایک روزہ کیمپ کے دوران بچوں میں قائدانہ کردار، مل جل کر کام کرنے،خود انحصاری اور کئی اہم مہارتوں کے بارے میں تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہرسال سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے پریس کلب کے ممبران کے بچوں کیلئے اسکاؤٹ کیمپس منعقد کئے جاتے ہیں جس سے ہمارے بچوں میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے کیونکہ آج کے دور میں بچوں کے لئے بیرونی سرگرمیاں انتہائی ضروری ہیں ۔  دی ڈیموکریٹس اپنے ممبران کے ساتھ ان کے اہل خانہ کے لیے سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔

شعیب احمد خان نے کہا کہ کراچی پریس کلب کا سب بڑا اور میگا ایونٹ کراچی پریس کلب فیملی فن گالا اور فیملی پکنک کا اعلان آئندہ چند روز میں کردیا جائے گا۔

صوبائی سیکرٹری سید اختر میر نے کہا کہ کراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کا بچوں کی تربیت کے حوالے سے اشتراک اور کیمپس کا انعقاد اچھا عمل ہے۔ ہم اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کراچی پریس کلب کے ممبران کے بچوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرتے رہیں گے۔ جنگل ایڈنچر کیمپ اسی سلسلے کی کڑی ہے جبکہ سالانہ دو روزہ کیمپ نومبر میں منعقد کیا جائے گا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔