پروٹیکٹڈ صارفین کی اوور بلنگ کی شکایات، وزیر داخلہ کا افسران کیخلاف کارروائی کا حکم

ویب ڈیسک  اتوار 7 جولائی 2024
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پروٹیکٹڈ صارفین کو اووربلنگ کی شکایات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے افسران اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز کو احکامات جاری کر دیے۔

انہوں نے کہا کہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کیا جائے، پروٹیکٹڈ صارفین کو جان بوجھ کر نان پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں شامل کرنا مجرمانہ فعل ہے جس کی قطعاً اجازت نہیں دی جا سکتی۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے تمام صورتحال کا جائزہ لے اور حقائق کی روشنی میں بلا امتیاز ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پروٹیکٹڈ صارفین کو نان پروٹیکٹڈ صارفین کی فہرست میں شامل کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں، اوور بلنگ سے پروٹیکٹڈ کیٹیگری تبدیل ہونے سے صارفین پر کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ پڑا، پروٹیکٹڈ صارفین پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں جبکہ اووربلنگ سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔