ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز؛ پاکستان کی مسلسل چوتھی فتح

ویب ڈیسک  پير 8 جولائی 2024
(فوٹو: انٹرنیٹ)

(فوٹو: انٹرنیٹ)

برمنگھم: ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان نے انگلینڈ کو 79 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے 196 رنز کے جواب میں 17 اوورز میں 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کیون پیٹرسن کی اننگز 4 رنز تک محدود رہی، فل مسٹرڈ نے 30 رنز بنائے، ایان بیل 11 اور علی براؤن نے بھی 11 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ چیمپئینز کے 7 بیٹرز ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکے۔

پاکستان چیمپئینز کی جانب سے سعید اجمل نے 3 جبکہ عبدالرزاق نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شعیب ملک، عامر یامین اور سہیل خان نے 1،1 کھلاڑی وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا بدلہ لیجنڈز نے لے لیا

اس سے قبل برمنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت پر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔

پاکستان چیمپئینز کے صہیب مقصود 64 اور شعیب ملک نے 51 رنز کی اننگز کھیلی، مصباح الحق 23 اور عبدالرزاق نے 20 رنز بنائے، انگلینڈ کی جانب سے اسٹیورٹ میکر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شعیب ملک کو شاندار نصف سنچری اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کی مسلسل چوتھی فتح ہے، پاکستان چیمپئینز کا کل جنوبی افریقہ سے میچ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔