افغان مہاجرین؛ پاکستان پر بوجھ کو کم کرنے کیلئے عالمی برادری کردار ادا کرے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 9 جولائی 2024
افغان مہاجرین کی وطن واپسی میں عالمی برادری پاکستان کو درپیش سلامتی کے خطرات کو مد نظر رکھے، شہباز شریف

افغان مہاجرین کی وطن واپسی میں عالمی برادری پاکستان کو درپیش سلامتی کے خطرات کو مد نظر رکھے، شہباز شریف

 اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) فلیپو گرانڈی نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وزیراعظم نے یو این ایچ سی آر کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ شراکت داری کا حوالہ دیتے ہوئے چار دہائیوں سے زائد عرصے سے افغان مہاجرین کی میزبانی میں اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت کو سراہا۔

شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری افغان مہاجرین کی اتنی بڑی آبادی کی میزبانی کرنے سے پاکستان پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے اور اس مسئلے کے دیرپا حل کے لیے اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

وزیراعظم نے اس سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے یو این ایچ سی آر پر زور دیا کہ وہ افغان مہاجرین کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایک پائیدار حل کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے مسئلے میں عالمی برادری پاکستان کو درپیش سماجی و اقتصادی چیلنجوں اور سلامتی کے خطرات کو مد نظر رکھے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر نے گزشتہ کئی دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر حکومت پاکستان کو مثالی مہمان نوازی کے لیے خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔