پی پی ایل کے حصص 16 ارب روپے میں فروخت کرنیکی منظوری

7 کروڑ حصص205 روپے فی شیئر پر بیچنے کیلیے پیش، دگنی آفرز ملیں، کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے 7.3 کروڑ شیئرز 219 کی۔۔۔


APP June 29, 2014
انفرادی 24، غیر ملکی سرمایہ کاروں نے9 فیصد حصص خریدے، ٹرانزیکشن عمل 100 فیصد شفاف تھا، او جی ڈی سی ایل کی نجکاری ستمبر میں ہوگی، محمد زبیر، پریس کانفرنس

QUETTA: وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر نے کہا ہے کہ کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے شیئرز 219 روپے کی اسٹرائیک پرائس پر کامیاب بولی دہندگان کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے جس سے حکومت کو 15 ارب 98 کروڑ روپے کا ریونیو ملے گا۔

ہفتہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت نے پی پی ایل کے 7 کروڑ حصص فروخت کیلیے عالمی و مقامی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور ہائی نیٹ ورتھ افراد کو پیش کیے تھے، 205 روپے فی حصص کی فلور پرائس پر 29 ارب 33 کروڑ روپے (14 کروڑ 30 لاکھ حصص کیلیے) مجموعی آرڈرز ملے جو فلور پرائس پر پیشکش کے حجم سے 100 فیصد زیادہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ 219 روپے فی حصص کی اسٹرائیک پرائس پر 15ارب98 کروڑ روپے (7 کروڑ30 لاکھ حصص کے لیے) مجموعی آرڈرز ملے جو 14 ارب 30 کروڑ روپے کے متوقع ریونیو سے زیادہ ہیں۔

وزیر مملکت نجکاری نے کہاکہ یہ کیپٹل مارکیٹ میں سب سے بڑی بک بلڈنگ ہے، انفرادی طور پر 24 فیصد حصص خریدے گئے جبکہ غیرملکی سرمایہ کاروں نے 9 فیصد حصص خریدے۔ محمد زبیر نے کہاکہ دو ہفتے کی مختصر مدت میں حکومت 2 بڑی ٹرانزیکشن کو حتمی شکل دینے میں کامیاب ہوئی جو حکومت کے عزم کی عکاسی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ٹرانزیکشن کا تمام عمل ایک سافٹ ویئر کے ذریعے لائیو دیکھا گیا اور اس عمل کے دوران کوئی بھی ہر چیز کو دیکھ سکتا تھا جو ثبوت ہے کہ یہ عمل 100 فیصد شفاف تھا۔ ایک سوال پر محمد زبیر نے کہا کہ پی پی ایل کی ٹرانزیکشن بہت مشکل صورتحال میں عمل میں آئی، دو ہفتے میں سنگین معاملات پیش آئے لیکن ہم اس ٹرانزیکشن کو ملتوی کردیتے تو عالمگیر سرمایہ کاروں کو منفی پیغام جاتا، نجکاری کا عمل آئندہ چند سال تک جاری رہے گا اور حکومت توانائی کے شعبے کو ترجیح دے گی اور ان شعبوں کی ٹرانزیکشن کو ایک سال کے اندر حتمی شکل دے دی جائے گی۔

ایک اور سوال پر انھوں نے کہا کہ اوجی ڈی سی ایل کے حصص ستمبر میں فروخت کے لیے پیش کرے گی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد کی زیر صدارت کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری (سی سی او پی) کا اجلاس ہفتہ کو منعقد ہوا جس میں پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے حصص کی فروخت کی پیشکشوں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر مملکت محمد زبیر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ پی پی ایل کی ٹرانزیکشن کے لیے 70 ملین حصص پیش کیے گئے، 205 روپے فی شیئر کی فلور پرائس پر 143 ملین شیئر کی خریداری کے لیے آرڈرز موصول ہوئے، 219 روپے فی حصص کی اسٹرائیک پرائس پر 73 ملین شیئرز کی خریداری کے آرڈرز ملے ہیں، نجکاری کمیشن کے بورڈ کی سفارش پر سی سی او پی نے کامیاب بولی دہندگان کو 219 روپے فی شیئر فروخت کی منظوری دیدی۔ وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد نے نجکاری کمیشن اور مالیاتی مشیروں کی تعریف کی۔

مقبول خبریں