بھارت: بیٹے کی خواہش پوری نہ ہونے پر دو نومولود بیٹیوں کو قتل کرنے والا باپ گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 11 جولائی 2024
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا—فوٹو: فائل

پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا—فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے مضافات پوٹھ کلان میں بیٹے کی خواہش پر دو نومولود بیٹیوں کے قتل کے الزام میں 32 سالہ شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ بچیوں کا قاتل بیٹے کا خواہاں تھا لیکن بیٹیوں کی پیدائش پر مضطرب تھا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کی شناخت نیرج سولنکی کے نام سے ہوئی ہے جو پوٹھ کلان کا شہری ہے اور یہ واقعہ 3 جون کو پیش آیا تھا، جس کی اطلاع ایک شہری نے پولس کو دی ان کے بہنوئی نے 3 روز کی دو بیٹیوں کو قتل کرکے دفن کردیا ہے۔

فون پر ملنے والی معلومات کی روشنی میں پولیس کو جائے وقوع بھیج دیا گیا جہاں بچیوں کو دفن کیا گیا تھا تاہم متعلقہ حکام سے بچیوں کی قبر کشائی کی اجازت لی گئی اور 5 جون کو اجازت ملنے کے بعد دونوں بچیوں کی لاشیں نکال کر مردہ خانے منتقل کردی گئیں۔

بچیوں کی ماں پوجا کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس نے نیرج سولنکی کو گرفتار کرلیا ہے اور دوران تفتیش انہوں نے قتل کیس میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم دہلی یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہے اور اس وقت بے روزگار تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔