خاتون امیدوار کے مدمقابل آنے پر ٹرمپ کا خوشی کا اظہار

ویب ڈیسک  پير 22 جولائی 2024
جو بائیڈن نے صدارتی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کردیا

جو بائیڈن نے صدارتی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کردیا

  واشنگٹن: حکمراں جماعت ڈیموکریٹس کی جانب سے جوبائیڈن کی جگہ نئی امیدوار کملا ہیرس کو ممکنہ طور پر صدارتی انتخاب میں اتارنے کے فیصلے پر مخالف امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل سامنے آگیا۔

عالمی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدارتی الیکشن میں مضبوط ترین امیدوار کے طور پر سامنے آنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیمو کریٹس کی نئی امیدوار اور موجودہ نائب صدر کملا ہیرس کا نام سامنے آنے پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مجھے اس نام پر خوشی ہوئی ہے۔ صدارتی انتخاب میں کملا ہیرس کو ہرانا آسان ہوگا۔ بس فتح اب کچھ دوری پر ہے۔

یاد رہے کہ ڈیموکریٹس کی جانب سے پہلے موجودہ صدر جوبائیڈن بطور صدارتی امیدوار سامنے آئے تھے تاہم بڑھتی ہوئی عمر، کمزور پڑتی یادداشت اور صدارتی مباحثے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے مدمقابل غیرمطمئن کارکردگی پر ان سے دستبردار ہونے کے لیے دباؤ تھا۔

صدر جوبائیڈن صدارتی الیکشن کے لیے مُصر رہے تاہم ڈیموکریٹس کے رہنماؤں باراک اوباما، نینسی پلوسی اور دیگر نے انھیں دستبردار ہونے کے لیے راضی کرلیا۔

جو بائیڈن نے صدارتی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے موجودہ نائب صدر کملا ہیرس کے نام کی توثیق کی ہے جنھیں دیگر رہنماؤں کی بھی حمایت حاصل ہے۔

اس بات کے قوی امکان ہیں ڈیموکریٹ پارٹی اپنے امیدوار کے لیے کملا ہیرس کے نام کا ہی اعلان کرے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔