دورہ پاکستان؛ بنگلادیش بورڈ نے سیکیورٹی کنسلٹنٹ مانگ لیا

ویب ڈیسک  جمعـء 2 اگست 2024
پی سی بی کا سیکیورٹی کے حوالے سے وفاقی حکومت سے رابطہ (فوٹو: فائل)

پی سی بی کا سیکیورٹی کے حوالے سے وفاقی حکومت سے رابطہ (فوٹو: فائل)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش کی دورے کے دوران سیکیورٹی کنسلٹنٹ کی فراہمی کی درخواست پر جواب دیدیا۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی درخواست پر سیکیورٹی کنسلٹنٹ کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا ہے تاکہ ٹیم اور حکام کو اگاہی فراہم کی جاسکے۔

بنگلادیش کرکٹ آپریشن کے چیئرمین جلال یونس نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیم کی سیکیورٹی کی ذمہ داری فراہم کرنا پاکستان کا کام ہے تاہم محض اس حوالے سے یقین دہانی کروائی ہے، جس کے بعد دورہ کو حتمی شکل دی گئی۔

مزید پڑھیں: دورہ پاکستان؛ بنگلادیش نے ٹیم سیکیورٹی کیلئے رابطہ کرلیا

انکا کہنا تھا کہ پی سی بی سے درخواست کی ہے کہ دورے کے دوران ہمیں ایک سیکیورٹی کنسلٹنٹ فراہم کیا جائے جو سیکیورٹی کے حوالے سے ہر وقت ہمارے ساتھ رابطے میں ہو۔

پی سی بی کے ترجمان نے سیکیورٹی کنسلٹنٹ رکھنے کے بی سی بی کی درخواست کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے کوئی سیکیورٹی خدشات نہیں اٹھائے البتہ سیکیورٹی مینیجرز یا کنسلٹنٹس کو اب میڈیا مینیجر یا ٹیم ڈائریکٹر کی طرح سپورٹ اسٹاف کا درجہ حاصل ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان شاہینز کے کئی پلئیرز نے بڑوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی

پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ اور دیگر دو طرفہ سیریز میں بھی ٹیمیں سیکیورٹی مینیجرز کی خدمات حاصل کرتی ہیں۔ اگر بنگلادیش بورڈ آئندہ ٹیسٹ ٹور کیلئے ٹیم مینجمنٹ کے حصے کے طور پر کسی سیکیورٹی کنسلٹنٹ کو شامل کرنا چاہتا ہے تو یہ ان کا اختیار ہے۔

مزید پڑھیں: سب سے زیادہ غیرملکی لیگز کھیلنے میں پاکستانی کرکٹرز کا دوسرا نمبر

واضح رہے کہ بنگال ٹائیگرز کی ٹیم کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کی 17 اگست سے پاکستان کا دورہ کرنا ہے، یہ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کا حصہ ہیں۔

سیریز کا پہلا میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی جبکہ دوسرا میچ 30 ​​اگست سے 3 ستمبر تک کراچی میں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔