سپریم کورٹ کے احکامات کے برخلاف سائٹ لمیٹڈ میں ریٹائرڈ افسر ڈائریکٹر ایڈمن تعینات

ریٹائرمنٹ کا دو سال کا عرصہ بھی پورا نہ کرنے والے رحیم بخش بلوچ کو سیاسی آشیر باد پر ’’کنسلٹنٹ ‘‘ مقرر کیا گیا


/staff Reporter August 10, 2024
(فوٹو: فائل)

سپریم کورٹ کے احکامات کے برخلاف وزارت صنعت و تجارت کے ماتحت ادارے سائٹ (سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ) میں ریٹائرڈ افسر (ڈائریکٹر ایڈمن) رحیم بخش بلوچ کو بطور کنسلٹنٹ تعینات کردیا گیا۔

سائٹ لمیٹڈ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق رحیم بخش بلوچ کو سائٹ کے 17 گریڈ کے افسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن منیب شاہد نے 89 دنوں کے لیے تعینات کیا ہے، خود ''پے فکسیشن ''کے تحت 2 عہدوں او ایس اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن پر بیک وقت براجمان ہیں جب کہ دو افسران ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس اور ڈائریکٹر ایڈمن ان کی معاونت کرتے ہیں۔

Site latter raheem bux baloch

ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ غضنفر قادری، سیکریٹری سائٹ مرتضیٰ علی شاہ اور ڈائریکٹر ایڈمن ذیشان علوی کے ہوتے ہوئے ایک 17 گریڈ کے افسر کے دستخط سے قوانین اور کنٹریکٹ پر تعیناتیوں سے متعلق عدالتی احکام کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ریٹائرمنٹ کے بعد دو سال کا عرصہ بھی پورا نہ کرنے والے رحیم بخش بلوچ کو سیاسی آشیر باد پر ''کنسلٹنٹ '' مقرر کیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ سائٹ لمیٹڈ مالی بحران کا شکار ہے جبکہ ریٹائرڈ افسر رحیم بخش بلوچ کی وجہ شہرت اچھی نہیں، ان پر ذاتی ڈرائیور اور دیگر ملازمین کے نام پر سائٹ کے کئی پلاٹس پر قبضوں، صنعتی پلاٹس کے کروڑوں روپے کے واجبات معاف کرنے، صنعتی زمینوں کا ریکارڈ غائب کرنے، نالوں پر تعمیرات کی اجازت دینے اور دیگر سنگین نوعیت کے الزامات ہیں جن کی تحقیقات جاری ہیں۔

Site latter 2

یہی نہیں سائٹ لمیٹڈ میں ڈیپوٹیشن پر ملازمین کو دوسرے محکموں میں بھیجنے اور ڈیپوٹیشن پر دیگر محکموں کے افسران کی خدمات لینے کا سلسلہ بھی تاحال بند نہ ہوسکا۔ اس حوالے سے سپریم کورٹ کے واضح احکام بھی موجود ہیں جسے سائٹ لمیٹڈ کی انتظامیہ مسلسل نظر انداز کررہی ہے۔

اسی طرح سائٹ لمیٹڈ میں گریڈ 14 کے سینئر کلرک شفیق الرحمان کو نگران دور حکومت میں وزیراعلیٰ ہائوس ڈیپوٹیشن پر کام کا پروانہ جاری کیا گیا تھا۔ گریڈ 14 کے ہی سینئر کلرک محمد علی ولد عبدالحلیم کو ڈیپوٹیشن کے تحت وفاقی وزارت خارجہ امور بھیجا گیاتھا۔

Site latter 3

سال 2022ء میں ریٹائرڈ ہوئے 17 گریڈ کے اکاونٹس افسر محمد شاہ جہاں شیخ کو 2 سال کے لئے (31 اکتوبر 2024) میں ملازمت میں توسیع دے کرمحکمہ سوشل ہائوسنگ سندھ ڈپوٹیشن پر کام کرنے کا پروانہ ڈائریکٹر ایڈمن ذیشان علوی نے جاری کیا جبکہ محکمہ زراعت سے مرتضیٰ شیخ سائٹ لمیٹڈ ڈرائنگ ڈپارٹمنٹ میں انچارج کے طور پر ڈیپوٹیشن کے تحت کام کررہاہے۔

Site latter 4

اسی طرح چیف انجینئر سائٹ لمیٹڈ کی پوسٹ پر بھی کنٹریکٹ پر چیف انجینئر تعیناتی کے لیے جوڑ توڑ جاری ہے جبکہ ڈائریکٹر فنانس کی پوسٹ پر کنٹریکٹ افسر کو ہائر کرنے کے لیے بورڈ ایجنڈا تیار کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں