جماعت اسلامی کارکنوں کو آئی ٹی کورسز میں ایڈمیشن دیے جائیں گے، گورنر سندھ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 3 اگست 2024
جماعت اسلامی والے تین ایشوز پر آواز بلند کرتے ہیں تو ان کے دھرنے میں خود بھی شرکت کروں گا، کامران ٹیسوری

جماعت اسلامی والے تین ایشوز پر آواز بلند کرتے ہیں تو ان کے دھرنے میں خود بھی شرکت کروں گا، کامران ٹیسوری

  کراچی: گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ گورنرہاﺅس سے 24 گھنٹے مستحقین میں راشن کی تقسیم کا عمل شروع کرنے جارہے ہیں انشاءاللہ 20 لاکھ سے زائد مستحقین میں راشن بیگز تقسیم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 9ہزار سولر سسٹم کا آڈر دے دیا ہے ، سولر سسٹم 300 یونٹس سے کم استعمال کرنے والوں کو دیئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاﺅس میں مستحقین میں راشن بیگز کی تقسیم کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

گورنرسندھ نے کہا کہ اب تک 6 لاکھ 90 سے زائد مستحق افراد میں راشن بیگز تقسیم کئے جاچکے ہیں آج تک تقریباً 30 لاکھ سے زائد افراد گورنر ہاﺅس آچکے ہیں ، نوجوانوں کو 8ہزار لیپ ٹاپ دے گئے ہیں ، 50ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کے مفت کورسز کرائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 14اگست کے دن عوام بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ گورنر ہاﺅس میں جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کریں۔ ہم اس روز آزادی کا کیک کاٹیں گے ، قومی ترانہ اور فائر ورکس بھی ہوگا سب مل کر یوم آزادی کا جشن خوب منائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے لئے آفر ہے کہ وہ گورنرہاﺅس کے اندر آئیں انہیں راشن بیگز ، لیپ ٹاپ اور آئی ٹی کورسز میں ایڈمیشن دیئے جائیں گے ، مہنگائی کے ساتھ ساتھ عوام کو بجلی اور پانی بھی نہیں مل رہا ہے اگر جماعت اسلامی والے ان تینوں ایشوز پر آوا ز بلند کرتے ہیں توان کے دھرنے میں خود بھی شرکت کروں گا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔