صومالیہ کے مشہور ساحل پر دھماکے میں 37 شہری ہلاک، 212 زخمی

ویب ڈیسک  اتوار 4 اگست 2024
موغادیشو کے ساحل پر دھماکا جمعے کو رات گئے ہوا—فوٹو: رائٹرز

موغادیشو کے ساحل پر دھماکا جمعے کو رات گئے ہوا—فوٹو: رائٹرز

موغا ديشو: صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے مشہور ساحل میں قائم ریسٹورنٹ پر دھماکے سے 37 شہری جاں بحق اور 212 زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق صومالیہ کے وزیر صحت علی حاجی نے انتہاپسند تنظیم الشباب پر ذمہ داری عائد کرتے ہوئے کہا کہ رات گئے ہونے والے دھماکے میں شہریوں کا جانی نقصان ہوا ہے۔

علی حاجی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اس دھماکے میں زخمی ہونے والے 11 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

پولیس کے ترجمان عبدی فتح عیدن کا کہنا تھا کہ دھماکے میں شہریوں کے ساتھ ایک سپاہی بھی جاں بحق ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں میں سے ایک نے خود کو اڑا دیا جبکہ دیگر تین حملہ آوروں کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کردیا اور ایک حملہ آور کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

صومالیہ کے دارالحکومت میں ہونے والے اس خون ریز واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے تاہم ماضی میں القاعدہ کی ذیلی تنظیم الشباب نے اس طرح کے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی، جس میں 2022 میں ہونے والا کار بم دھماکا بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ صومالیہ میں اکتوبر 2022 میں پرہجوم مارکیٹ میں کار بم دھماکے سے 100 افراد جاں بحق اور 300 شہری زخمی ہوگئے تھے اور اس کے بعد کسی بھی واقعے میں اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتیں نہیں ہوئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔