کراچی سیف سٹی پروجیکٹ کیلئے 3 ارب 67 کروڑ روپے جاری

اسٹاف رپورٹر  اتوار 4 اگست 2024
 (فائل: فوٹو)

(فائل: فوٹو)

  کراچی: سندھ حکومت نے کراچی سیف سٹی پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کے لئے 3 ارب 67 کروڑ روپے جاری کردیے۔

سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت مختلف مقامات پر 1300 جدید کیمرے نصب کیے جائیں گے اور صوبے بھر کے 40 ٹول پلازوں پر چہرہ شناس کیمرے اور نمبر پلیٹس کی خودکار شناخت کا نظام بھی نصب کیا جائے گا۔

یوم شہدائے پولیس کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کے جدید نظام سے جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی جس سے  ملزمان کی گرفتاری کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔  کراچی کو جرائم سے پاک کرنے اور مجرمان کی سرکوبی کے لیئے اہم اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے جوانوں کی نے اپنا لہو دیکر قیام  امن اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے میں کردار ادا کیا ہے، ہمیں اپنے شہداء کی جرات،شجاعت اور دلیری پر فخر ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ  سندھ پولیس کے شہدائوں نے  ملکی سلامتی کی خاطر جان قربان کرکے تاریخ میں امر ہوگئے اور پولیس شہداء ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، سندھ حکومت شہدائے پولیس کے ورثاء کے لیئے محکمانہ مراعات کی فراہمی میں انتہائی پرعزم ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔