شہر قائد میں ہلکی تیز بارش سے سڑکوں پر پانی جمع، مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل

اسٹاف رپورٹر  اتوار 4 اگست 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

  کراچی: شہر قائد میں  ہلکی تیز بارش کے باعث سڑکوں پر برساتی پانی جمع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے شہری شدید مشکلا ت میں مبتلا ہیں، مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے۔

تفصلات کے مطابق بارش کی وجہ کراچی کے مختلف علاقوں میں 300سے زائد فیڈرز متاثر ہوئے ہیں جس کی وجہ روشنیوں کا شہر پانی میں ڈوبنے کے ساتھ ساتھ اندھیرے میں بھی ڈوب گیا۔

تفصیلا ت کے مطابق کراچی میں  اتوار کی شام 8بجے سے مختلف علاقوں میں ہلکی تیزبارش کا سلسلہ شروع ہوا ہے جو وقفہ وقفہ سے جا ری ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں جن میں تیز اور ہلکی بارش کا سلسہ شروع ہوا ان میں لیاقت آباد، ناظم آباد ، فیڈرل بی ایریا ، پی آئی بی کالونی ، بہادر آباد، طارق روڈ، کورنگی لانڈھی ، ملیر، شاہ فیصل کالونی ، بھینس کالونی ، سرجانی ٹاون ، نارتھ کراچی سمیت دیگر علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جا ری ہے۔

شہر میں اب تک برسنے والا مون سون میں سب سے زیادہ بارش ہو ئی ،جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ پانی جمع ہوگیا ہے اور شہریوں کو شدید مشکلا ت کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تفصلات کے مطابق برساتی پانی کی نکاسی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے تھے جس کی وجہ سے برساتی پانی سڑکوں پر جمع ہو نے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو ئی ہے۔

شہری ٹریفک جام میں پھنسے رہے بارش کے بعد مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کے 300سے زائد فیڈر متاثر ہو گئے جس سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جو رات گئے تک بحال نہیں ہو سکی تھی۔

کراچی میں  بارش کے بعد بلد یہ عظمی کراچی ، 25ٹاونز کی انتظامیہ ، واٹر کارپوریشن ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ، کے ڈی اے اور دیگر اداروں کے دعووں کی قلعی کھل گئی ۔

نکاسی کے لئے کو ئی خاطر خواہ انتطامات نہیں کئے گئے تھے عملہ بھی نطر نہیں آیا جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 4اگست  سے 7 اگست کی پیشگوئی کی جاچکی تھی لیکن پھر بھی بلدیاتی عملہ غائب رہا جس کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑا۔

تفصلات کے مطابق جن علاقوں میں زیادہ بارش ہو ئی ان میں سینکڑوں موٹرسائیکلیں خراب ہو گئی ہیں گاڑیاں بھی بند ہو نے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔