بھارت نے بنگلا دیش سے متصل سرحدی علاقوں میں کرفیو لگا دیا

ویب ڈیسک  منگل 6 اگست 2024
(فوٹو: دی اکنامک ٹائمز)

(فوٹو: دی اکنامک ٹائمز)

نئی دہلی: بھارت نے بگڑتی صورتحال کے پیش نظر بنگلا دیش سے متصل سرحدی علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔

بنگلا دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے استعفے کے بعد بنگلہ دیش میں جاری صورتحال کے درمیان بھارتی ریاست میگھالیہ نے بھارت بنگلا دیش سرحد کے ساتھ ریاست میں رات کا کرفیو نافذ کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے مشورے پر بنگلا دیش کے ساتھ بین الاقوامی سرحد پر بھارتی علاقے کے اندر سرحدی لائن کے 200 میٹر کے اندر شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔

میگھالیہ کے ڈپٹی چیف منسٹر پریسٹون ٹین سونگ نے بنگلا دیش کے ساتھ بین الاقوامی سرحد پر رہنے والے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ شام 6 بجے کے بعد کرفیو والے علاقے میں نہ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آج شام میں نے بنگلا دیش کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ ہم نے آج رات سے بنگلا دیش کے ساتھ بین الاقوامی سرحد پر کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ میگھالیہ نے مزید کہا کہ یہ کرفیو ہر روز شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک زیرو پوائنٹ سے بھارتی علاقے کے اندر یا بین الاقوامی سرحد کے ستون سے صرف 200 میٹر تک نافذ رہے گا جب تک کہ صورتحال بہتر نہیں ہو جاتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔