کراچی میں بادلوں کے ڈیرے، سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم خوشگوار

ویب ڈیسک  منگل 6 اگست 2024
فائل فوٹو

فائل فوٹو

  کراچی: شہر قائد میں آج صبح سے بادلوں کے ڈیرے ہیں جبکہ کہیں کہیں بوندا باندی اور سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم خوشگوار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کمزور مون سون ہوائیں خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے سندھ کا رخ کر رہی ہیں، آئندہ 3 روز کے دوران کراچی کا مطلع ابرآلود اور ہلکی بارش کا امکان رہے گا۔

کراچی میں چند روز کے دوران سمندری ہوائیں بدستور بحال رہنے کا امکان ہے جبکہ دیہی سندھ کے ساحلی مقامات سمیت دیگر اضلاع میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔

شہر میں جنوب مغربی سمت سے 22 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے۔ آج کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 12 اگست سے نیا مون سون سسٹم بارشوں کا سبب بن سکتا ہے۔

واضح رہے کہ رات گئے آٸی آٸی چندریگر روڈ، برنس روڈ، ٹاور اور صدر زینب مارکیٹ کے اطراف ہلکی بارش ہوئی جبکہ صبح کے وقت ایف بی ایریا، گلشنِ اقبال، کلفٹن، اسکیم 33 اور اطراف میں بوندا باندی ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔