بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پارکنگ ٹھیکوں کی نیلامی کے دوران ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج

اسٹاف رپورٹر  منگل 6 اگست 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

  کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر سٹی کورٹ پولیس نے بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پارکنگ کی نیلامی کے دوران ہنگامہ آرائی کا مقدمہ چارجڈ پارکنگ ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم سراج کی مدعیت میں 2 نامزد سمیت دیگر صورت شناس ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم سراج کے مطابق کے ایم سی ہیڈ آفس میں چارجڈ پارکنگ کی نیلامی شروع ہوئی تو عبداللہ اور شمیم و دیگر نامعلوم صورت شناس 10 سے 12 افراد نے دن 12 بجے نیلامی پر اعتراض کرے ہوئے کہا کہ نیلامی ہماری مرضی سے کی جائے۔

اس دوران عبداللہ اور شمیم بدتمیزی کرنے لگے اور ان کے ہمراہ صورت شناس افراد نے اسلحہ نکال کر اسلحے کے زور پر نیلامی کمیٹی والوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے لگے۔

چارج پارکنگ ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم سراج کا کہنا ہے کہ اس دوران نیلامی کا عمل متاثر ہوا جبکہ اس دوران انہوں نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ، ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد اور سینئر ڈائریکٹر فیصل بلوچ کو مغلظات بھی بکیں۔

مدعی کے مطابق اس واقعہ کو وہاں پر موجود ڈپٹی ڈائریکٹر محمد احمد اور انسپکٹر سٹی وارڈن عبدالحفیظ و دیگر افراد نے بھی دیکھا۔

مقدمہ نمبر 171 سال 2024 بجرم دفعات 147 ، 148 ، 149 ، 186 ، 506 بی اور 504 کے تحت عبداللہ اور شمیم سمیت 10 سے 12 نامعلوم صورت شناس افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

چارج پارکنگ ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق اس واقعہ کی اطلاع اپنے افسران کو دی اور ان کے حکم پر سٹی کورٹ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا، اس حوالے سے مزید تحقیقات انویسٹی گیشن پولیس کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔