نیویارک میں ماسک پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی

ویب ڈیسک  بدھ 7 اگست 2024
(فوٹو: انٹرنیٹ)

(فوٹو: انٹرنیٹ)

  واشنگٹن: نیویارک میں ماسک پہننے پر پابندی عائد کرنے کا بل منظور کر لیا گیا ہے۔

ناساؤ کاؤنٹی کی جانب سے ماسک پر پابندی کا بل منظور کرنے کا مقصد اسرائیل کی جنگ میں امریکی حمایت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کی شناخت کرنا ہے۔

کاؤنٹی کا کہنا ہے کہ یہ بل ہر قسم کے عوامی احتجاج پر نافذ ہو گا، اور اس سے دوران احتجاج مبینہ تشدد اور امریکی دشمنی میں ملوث مظاہرین کی شناخت معلوم کرنے میں مدد ملے گی۔

شہری حقوق کے حامیوں نے اس اقدام کو اظہار رائے کی آزادی کی خلاف ورزی کے طور پر مسترد کر دیا ہے، ناساؤ کاؤنٹی کی مقننہ میں تمام 12 ریپبلکنز نے بل کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 7 ڈیموکریٹس غیر حاضر رہے۔

اس بل کے تحت عوامی مقامات پر شناخت چھپانے کے لیے چہرے کو ڈھانپنا ایک ایسا جرم ہے جس کی سزا ایک سال قید اور ایک ہزار ڈالر جرمانے کی ہو سکتی ہے۔

کاؤنٹی کا کہنا ہے کہ صحت یا طبی وجوہات کے ساتھ ساتھ مذہبی اور ثقافتی مقاصد اس بل سے مستثنٰی ہیں۔

نیو یارک سول لبرٹیز یونین کا کہنا ہے کہ یہ بل اظہار رائے کی آزادی پر حملہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔