جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب آگئے

ویب ڈیسک  بدھ 7 اگست 2024
فوٹو : واسا

فوٹو : واسا

اسلام آباد / راولپنڈی: جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

بارش کے باعث راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں پانی آگیا جبکہ واسا اور کارپوریشن کی نااہلی سے تمام 15 برساتی نالے بھی ابلنے لگے۔ شہر بھر کی مرکزی شاہراہ مری روڈ، مریڑ چوک، مال روڈ اور راجہ بازار میں پانی جمع ہوگیا۔

اسلام آباد میں بارش سے ایکسپریس ہائی وے پر شدید ٹریفک جام ہوگیا اور ٹریفک کی لمبی قطار لگ گئی۔ کرال چوک سے فیض آباد تک ٹریفک کا شدید دباؤ ہے اور ٹریفک پولیس غائب ہے۔

بارش کی وجہ سے موٹرسائیکل سوار پلوں کے نیچے جمع ہوگئے، مصروف ترین شاہراہ پر ٹریفک رواں رکھنے کے لیے کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کےمطابق ایکسپریس وے پر پلوں کے نیچے موٹر سائیکل سواروں کی وجہ سے رش ہے جسے کنٹرول کیا جا رہا ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد سلیم اشرف نے واسا کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

ایم ڈی واسا کے مطابق نکاسی آب کے لیے ہیوی مشیبنری و عملہ نشیبی علاقوں میں تعینات ہے، نالہ لئی کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاہم ابھی نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ نالے میں کٹاریاں کے مقام پر 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 4 فٹ ہے، کمیٹی چوک انڈر پاس میں ٹریفک رواں دواں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور میں 45 ملی میٹر، گولڑہ میں 30 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 11 ملی میٹر، شمس آباد میں 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ بارشوں کا سلسلہ دو دن تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔