بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش، سیلابی ریلے میں دو بچیاں بہہ کر جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعرات 8 اگست 2024
(فوٹو: ویب ڈیسک ایکسپریس)

(فوٹو: ویب ڈیسک ایکسپریس)

 کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ رات سے بارش جاری ہے، گلستان کے علاقے میں دو بچیاں سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہو گئیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے درمیان مختلف اضلاع میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آج صوبے کے دس اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ میں 21 خضدارمیں 3  اور لسبیلہ میں ایک ملی میٹر بارش رکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کی کلی ملک دین محمد سیگی میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی رہی اور سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے 2 بچیاں جان بحق ہوگئیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ جمعہ کو نوکنڈی میں سب سے زیادہ گرمی پڑی اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔

دالبندین میں 42 جبکہ کوئٹہ میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو صوبے کے بیشتر اضلا ع میں موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے۔

ماہرین موسمیات نے قلات، خضدار، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ، لورا لائی، بولان،نصیر آباد،جعفر آباد،ڈیرہ بگٹی اور بارکھان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔