راولپنڈیاے این ایف کارروائی میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد 3 خواتین گرفتار

مشکوک کار کو روکا گیا تو ملزمان نے فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی، اے این ایف نے تعاقب کرکے گرفتار کرلیا


ویب ڈیسک August 08, 2024
تلاشی کے دوران کار سے مجموعی طور پر 48 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، اے این ایف

اے این ایف کی کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے تین خواتین کو گرفتار کرلیا گیا۔


ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کے ملک بھر میں انسداد منشیات اسمگلنگ آپریشنز جاری ہیں، اس دوران موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب کامیاب کارروائی میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے 3 خواتین کو گرفتار کرلیا گیا۔


خفیہ اطلاع پر اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب مشکوک کار کو روکا گیا۔ ملزمان نے گاڑی روکنے کے بجائے اے این ایف ٹیم پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ گاڑی میں خواتین اور بچوں کی موجودگی کے سبب اے این ایف ٹیم نے جوابی فائرنگ سے اجتناب کیا۔


اے این ایف ٹیم نے محتاط انداز میں گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے ملزمان کو بنا نقصان پہنچائے گرفتار کر لیا اور تلاشی کے دوران کار سے 1.2 کلوگرام وزنی چرس کے 40 پیکٹ برآمد ہوئے، اس طرح کار سے مجموعی طور پر 48 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔


ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات اسمگلنگ کی آڑ میں خواتین اور بچوں کو استعمال کرنا تشویشناک امر ہے۔ منشیات اسمگلرز کی جانب سے یہ عمل معمول بنتا جا رہا یے جو کہ معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے۔ ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔