سندھ میں نویں جماعت تا انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو مفت ٹیبلیٹس دینے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 8 اگست 2024
فوٹو: انٹرنیٹ

فوٹو: انٹرنیٹ

  کراچی: سندھ میں نویں تا انٹر کے طلبہ کو مفت ٹیبلیٹس دیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ کی جانب سے درسی کتب کی ترسیل کے سلسلے میں سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ کے کراچی میں واقع ویئر ہائوس پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ علیم لاشاری نے خصوصی شرکت کی۔

چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ عبدالعلیم لاشاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کتابوں کی تاخیر یا کمی سے بچنے کیلئے نویں جماعت تا انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو مفت ٹیبلیٹس تقسیم کیے جائیں گے تا کہ ان کی پڑھائی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔

انہوں نے کہا پہلے مرحلے میں بڑی کلاسز کے طلبہ جبکہ دوسرے مرحلے میں دیگر کلاسز کو بھی ٹیبلیٹس دیے جائیں گے آہستہ آہستہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کو پیپر لیس کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کریں گے ان کی منظوری کے بعد ہم باقاعدہ اس پر کام شروع کردیں گے، رواں تعلیمی سال کیلئے مفت درسی کتب کی ترسیل کا عمل اپنے آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔

چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ نے کہا کہ سندھ بھر کے 30 اضلاع میں پونے تین کروڑ کتابیں مفت تقسیم کی جارہی ہیں، پہلا مرحلہ 30 جولائی سے شروع ہوا جبکہ 15 اگست سے دوسرا مرحلہ شروع ہوگا۔ پبلشرز کو کتابیں دے دی گئی ہیں اگر مارکیٹ میں کتابیں ترسیل نہیں ہوئیں ان پبلشرز کی نشان دہی کر کے ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

چیئرمین نے درسی کتب کی ترسیل میں تاخیر کا اعتراف کرتے ہوئے کہا مختلف وجوہات کے بنا کر تاخیر ہوئی کچھ ٹیکنیکل جبکہ کچھ کورٹ کی طرف سے قانونی چارہ جوئی تھی، 17 اضلاع میں کتابوں کی ترسیل ہو چکی ہے، کراچی میں کتابوں کی ترسیل کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔