بچوں کی یوٹیوب دیکھ کر پٹاخے بنانے کی کوشش؛ زوردار دھماکا ہوگیا

ویب ڈیسک  جمعـء 9 اگست 2024
دھماکے میں 5 کم عمر بچے جھلس کر زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے

دھماکے میں 5 کم عمر بچے جھلس کر زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے

پٹنہ: بھارتی ریاست بہار میں ایک گھر زوردار دھماکے میں 5 کم عمر بچے جھلس کر زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار کے شہر مظفر پور میں پیش آیا۔ زخمی ہونے والے بچوں نے پولیس کو دیے گئے بیان میں حیران کن انکشافات کیے ہیں۔

بچوں نے بتایا کہ ہم یوٹیوب پر پٹاخہ بم بنانے کی ترکیب دیکھ رہے تھے اور ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ماچس کی تیلیوں کا ڈھیر سارا مسالہ اور پٹاخوں کا بارود تیار کرکے ٹارچ لائٹ میں ڈالا۔

بچوں کے بقول اچانک ٹارچ لائٹ دھماکے سے پھٹ گئی اور آگ بھڑک اُٹھی جس میں ہم زخمی ہوگئے۔

پولیس نے والدین کی جانب سے غفلت برتنے پر سرزنش کی اور آئندہ ایسی غلطی نہ کرنے کی یقین دہانی پر جانے کی اجازت دی۔

یاد رہے کہ بھارت میں مذہبی تہواروں میں پٹاخے پھوڑنا قدیم روایت ہیں اور یہ پٹاخے مقامی سطح پر ہی بنائے جاتے ہیں اور حفاظتی تدابیر نہ ہونے کی وجہ سے پٹاخے بنانے والی فیکٹریوں میں دھماکے معمول کی بات ہیں۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔